• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملٹی وٹامنز کس وقت کھانا مفید ہے؟

یہ بات سائنسی تحقیق سے تصدیق شدہ ہے کہ وٹامنز اور منرلز انسانی جسم کے لیے بنیادی اجزاء  کی حیثیت رکھتے ہیں اور اِن کا کھانا صحت کے لیے نہایت موزوں ثابت ہوتا ہے۔

طبی و غذائی ماہرین کے مطابق روز مرہ کی غذا میں شامل وٹامنز اور منرلز انسانی جسم کے لیے مطلوب مقدار کے لیے نا کافی ہوتے ہیں، اسی لیے اِن کا بطور سپلیمنٹس استعمال ناگزیر قرار دیا جاتا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق وٹامنز اور منرلز کی متوازن مقدار قوت مدافعت مضبوط بنا کر متعدد بیماریوں، وائرل اور موسمی انفیکشنز سے بچاتی ہے، وٹامنز سے حاصل ہونے والے فوائد کو مؤثر بنانے کے لیے اِن کے استعمال کے اوقات کار بھی توجہ طلب ہیں۔

طبی ماہرین کے مطابق وٹامنز انسانی جسم میں جا کر مختلف اوقات میں مختلف طریقوں سے افادیت پہنچاتے ہیں، کچھ وٹامنز کھانے سے قبل، کھانے کے بعد، نہار منہ یا کھانے کے دوران لیے جاتے ہیں، ہر وٹامن کا انسانی جسم میں اثر انداز ہونے کا اپنا ایک طریقہ ہوتا ہے، سپلیمنٹس کے طور پر لیے جانے والے وٹامنز میں کچھ ملٹی یعنی ایک کیپسول میں ایک سے زائد وٹامنز پائے جاتے ہیں جبکہ کچھ وٹامنز واحد ہوتے ہیں جنہیں مختلف اوقات میں لینا زیادہ سود مند ثابت ہوتا ہے۔

ماہرین کے مطابق ملٹی وٹامنز کی ایک گولی باقی وٹامنز کے الگ الگ کھانے سے زیادہ مؤثر اور مفید ثابت ہوتی ہے، ماہرین کی جانب سے ملٹی وٹامنز کی گولی کھانے کا صحیح وقت اور طریقہ کار مندرجہ ذیل ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق ملٹی وٹامنز کے کیپسول میں انسانی صحت کے لیے ضروری معدنیات کیلشیم، آئرن، فولک ایسڈ، وٹامن اے، بی ( وٹامن بی کی مختلف اقسام)، سی، ای، ڈی اور زنک پایا جاتا ہے۔

ملٹی وٹامنز سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے انہیں بغیر ناغہ روزانہ کھانا چاہیے۔

طبی و غذائی ماہرین کے مطابق ملٹی وٹامنز کھانے کا صحیح وقت دوپہر کے کھانے کے دوران ہے، دوپہر کے کھانے سے قبل وٹامن کا کیپسول ایک سے  دو گھونٹ پانی کے ساتھ کھائیں اور جلدی سے دوپہر کا کھانا کھا لیں۔

دوپہر کا وقت ملٹی وٹامنز کو ہضم اور ان کے مکمل فوائد حاصل کرنے کا صحیح وقت ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ کھانا کھانے کے 30 منٹ بعد پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال لازمی کریں، ملٹی وٹامنز کو ہضم کرنے اور ان کی مکمل افادیت حاصل کرنے کے لیے پانی بے حد ضروری ہے ۔

احتیاط

ماہرین کے مطابق وٹامنز انسانی صحت کے لیے مفید ہیں مگر ان کا زیادہ استعمال خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، اپنی صحت کے مطابق وٹامنز کا انتخاب اپنے ڈاکٹر کے مشورے سے کریں۔

ملٹی وٹامنز کا دن میں ایک سے ز یادہ کیپسول نہ کھائیں۔

اگر حاملہ خاتون کو ملٹی وٹامنز سے ہٹ کر آئرن کی مقدار زیادہ چاہیے ہو تو ملٹی وٹامنز کی دن میں دو بار کیپسول لینے کے بجائے آئرن یا مطلوبہ وٹامنز کی مقدار اپنے معالج کے مشورے سے بڑھا دیں۔

تازہ ترین