انٹرنیٹ پر بڑی سروسز کب کب بند ہوئیں

October 14, 2021

کراچی (نیوز ڈیسک) انٹرنیٹ پر بڑی سروسز کب کب بند ہوئیں۔ برطانوی ریڈیو کے مطابق اکتوبر 2021ء میں فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ سروسز چھ گھنٹے کیلئے تعطل کا شکار رہیں۔

نئے صارفین کی آمد اور رش کی وجہ سے دوسری ایپس جیسے ٹوئٹر کو بھی خلل کا سامنا کرنا پڑا۔ جولائی 2021ء میں ائیر بی این بی، ایکسپیڈیا، ہوم ڈپو سمیت 48 سے زائد سروسز تقریباً ایک گھنٹے تک تعطل کا شکار رہیں، جس کی وجہ ڈی این ایس کے ساتھ مسئلہ بتایا گیا۔

جون 2021ء میں ایمازون، ریڈ اٹ، ٹوئچ، سپاٹیفائی کی ویب سائٹس تقریباً ایک گھنٹے کے لیے بند رہیں۔

دسمبر 2020ء جی میل، یوٹیوب، گوگل ڈرائیو اور دیگر گوگل سروسز تقریباً 90 منٹ کے لیے بیک وقت تعطل کا شکار ہوئیں۔

کمپنی کے مطابق یہ خلل ’اندرونی سٹوریج کوٹہ کے مسئلے‘ کی وجہ سے ہوا۔‘ نومبر 2020ء امریکا کی ریاست ورجینیا میں ایمیازون ویب سروس کی سہولت میں تکنیکی دشواری کی وجہ سے ہزاروں تھرڈ پارٹی آن لائن سروسز کئی گھنٹوں تک خلل کا شکار رہیں۔

مارچ 2019ء میں فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ سب تقریباً 14 گھنٹے کے لیے تعطل کا شکار ہوئیں۔ کچھ دوسری ایپس جیسے ٹنڈر اور سپاٹیفائی، جن میں فیس بک کے ذریعے لاگ ان کیا جاتا ہے، وہ بھی متاثر ہوئیں۔