وزیراعلیٰ سندھ کا سفارتکاروں سے علاقائی سلامتی اور سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال

October 15, 2021

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ کی مختلف سفارتکاروں کے ساتھ علاقائی سلامتی اور سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال ،تفصیلات کے مطابق جمعرات کو وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے قطر ، ایران اور قازقستان کے سفارت کاروں کے ساتھ اپنی الگ الگ ملاقاتوں میں پڑوسی ممالک کے درمیان قریبی روابط اور ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا تاکہ امن ، سکون ، تجارت بالخصوص خطے میں تجارت اورافغانستان کی جاری صورتحال میں فروغ دیا جائے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے قطر کے سفیر شیخ سعود عبدالرحمن الثانی سے ملاقات میں کہا کہ قطر کی ایک کمپنی تھر میں واٹر سپلائی اسکیم پر کام کر رہی ہے۔ ہم دیکھنا چاہتے ہیں کہ مزید قطر کی کمپنیاں یہاں آئیں اور صوبائی حکومت کے ساتھ یا پی پی پی موڈ پر کام کریں اور کہا کہ سندھ کے پاس شہر میں ڈی سیلینیشن پلانٹس ، سڑکوں ، توانائی اور دیگر مختلف شعبوں میں وسیع مواقع ہیں۔ انہوں نے افغانستان سے امریکی انخلا کے بعد کے حالات سے خطے کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔سفیر کے ہمراہ قطر کے قونصل جنرل مشال محمد اے اے الانصاری بھی تھے۔وزیراعلیٰ سندھ نے قازقستان کے سفیر مسٹر یرجان کستافین کے ساتھ سرمایہ کاری کے مواقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ سندھ 70 فیصد قدرتی گیس پیدا کر رہا ہے۔