پی ایس ایف، قواعد کے برعکس بھرتی ڈیلی ویجرز کی تنخواہیں رک گئیں

October 16, 2021

اسلام آباد (ساجد چوہدری ، اپنے نامہ نگار سے ) وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے ادارے پاکستان سائنس فائونڈیشن میں مبینہ طور پر قواعد و ضوابط کے برعکس رکھے گئے ڈیلی ویجرز (کنٹی جنٹس سٹاف )کو اکاؤنٹس و فنانس شعبہ نے تنخواہوں کی ادائیگی روک دی، ایسے ملازمین کو ستمبر کی تنخواہیں نہیں مل سکیں۔ ذرائع کے مطابق موجودہ اور سابق دور میں ڈیڑھ درجن سے زائد ڈیلی ویجرز مختلف گریڈز میں رکھے گئے حالانکہ اس دوران ریگولر بھرتیاں بھی کی گئیں ۔ شعبہ فنانس کے ذمہ داران کا کہنا ہےکہ پی ایس ایف میں ڈیلی ویجرز رکھنے کی کوئی گنجائش نہیں، ان ملازمین کو قواعد و ضوابط کے برعکس کے رکھا گیا ۔ چیئرمین پاکستان سائنس فائونڈیشن ڈاکٹر شاہد بیگ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ہم نے یہ ملازمین ضرورت کے مطابق، قواعد و ضوابط کے مطابق اور ریگولر پوسٹوں کے متبادل کے طور پر رکھے ہیں اور بعض ملازمین پچھلے چھ ، سات سالوں سے بطور ڈیلی ویجرز کام کر رہے ہیں ، ممبر فنانس پی ایس ایف کو ان ڈیلی ویجرز کو تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے قائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔