سانحہ شہدائے کارساز، پیپلز پارٹی باغ جناح میں آج تاریخی جلسہ کریگی

October 17, 2021

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سانحہ شہدائے کارساز کی 14 ویں برسی پر پیپلز پارٹی مزار قائد کے سامنے باغ جناح میں اتوار کو ( آج ) تاریخی جلسہ کرے گی،جلسہ میں شرکت کے لیے سندھ بھرسے پیپلزپارٹی کے قافلے باغ جناح کے لیے روانہ ہوگئے ہیں جبکہ کراچی سمیت مختلف علاقوں سے پیپلزپارٹی کے کارکنان کی ریلیاں اورجلوس باغ جناح پہنچیں گے۔باغ جناح جلسہ میں قائدین کے لیے 120 فٹ لمبا، 60 فٹ چوڑا اور 50فٹ اونچا اسٹیج بنایا گیا ہے۔شرکائے کے لیے جلسہ گاہ میں کرسیاں لگائی گئی ہیں جبکہ جلسہ گاہ اور اطراف میں لائٹنگ اورشرکاء کو جلسہ کی کارروائی دکھانے کے لیے ویڈیواسکرینزاورساونڈسسٹم کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔جلسہ میں آنے والے شرکا کی گاڑیوں کی پارکنگ کے لئے چاروں اطراف علیحدہ علیحدہ جگہ مختص کرنے کے علاوہ جلسہ گاہ میں داخلے کے لیے خواتین کےلئے الگ گیٹ بنایا گیا ہے جبکہ مردوں کے لیے دو اطراف سے داخلی راستے مقررکیے گئے ہیں۔باغ جناح جلسہ میں اسٹیج سے جلسہ گاہ میں داخلے اورشرکت کے لیے آنے والوں کی سیکورٹی سے گاڑیوں کی پارکنگ تک تمام انتظامات کے لیے پولیس اورضلعی انتظامیہ کے ساتھ پیپلزپارٹی اورذیلی تنظیموں کے ورکرز سیکورٹی پلان، ٹریفک پلان، پارکنگ پلان سمیت دیگرامورمیں معاونت کریں گے۔