سپر ہائی وے پر ٹرالر کی کار کو ٹکر 10 ماہ کا بچہ جاں بحق

October 17, 2021

حیدرآباد(بیورورپورٹ) سپر ہائی وے پر لونی کوٹ کے قریب کراچی سے حیدرآباد آنے والی کار کو تیز رفتار ٹرالر نے ٹکر ماردی ،کار فٹ پاتھ سے ٹکرانے کے بعد الٹ گئی،10 ماہ کا شیر خوار بچہ جاں بحق،دوخواتین ،3 بچوں سمیت 8 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ حادثے کا ذمہ دار ٹرالر ڈرائیو ر موٹروے پولیس کی حراست میں ہونے کے باوجود فرار ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق حیدرآباد کے علاقے پریٹ آباد کا رہائشی خاندان کراچی سے شادی کی ایک تقریب میں شرکت کے بعد حیدرآبادواپس آرہا تھا کہ لونی کوٹ کے قریب سپر ہائی وے پر ایک تیز رفتار ٹرالر نے کار کو ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں کار فٹ پاتھ سے ٹکرانے کے باعث قلا بازیاں کھاتی ہو ئی دور جاگر ی۔ حادثے کے باعث کا میں سوار 10 ماہ کا شیر خوار حسن ولد محمد شاہد موقع پر جاں بحق اور بچے کی والدہ ندا، 24 سالہ محمد شاہد ،25 سالہ زبیدہ زوجہ زبیر،16 سالہ فاطمہ عرف بے بی ،زبیدہ اور شاہد کے 3 کمسن بچے اور 25 سالہ ڈرائیور شاہزیب خٹک شدید زخمی ہوگئے ۔ جنہیں موٹروے پولیس نے تحویل میں لے کر سول اسپتال جامشورو اور بعد ازاں سول اسپتال حیدرآباد پہنچایا۔ موٹر وے پولیس نے حادثے کے ذمہ دار ٹرالر ڈرائیور خضر حیات کو گرفتار کرکے ٹرالر تحویل میں لے لیا تھا۔ کچھ دیر بعد انکشاف ہوا کہ ٹرالر ڈرائیو ر موٹروے پولیس کی حراست میں نہیں ہے اور ٹرالر بھی جاۓ حادثہ سے غائب تھا۔ زخمیو ں اور ان کے رشتہ داروں کے پوچھنے پر موٹروے اہلکاروں نے کہا کہ نماز پڑھنے کا کہ کر گیا تھا واپس نہیں آیا۔ حادثے میں زخمی ہونے والوں کے رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ موٹروے پولیس نے جان بوجھ کر ٹرالر ڈرائیور کو فرار کرایا ہے۔اطلاعات کے مطابق حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے جنگ کراچی کے کارکن محمد عارف کے قریبی 4شتہ دار بتائے جاتے ہیں۔