نبی کریم ؐکوتمام جہانوں کیلئے رحمت بناکربھیجاگیا،محسن انسانیت کانفرنس

October 18, 2021

لاہور(خبر نگار)منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں ”محسن انسانیت کانفرنس“ سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ حضور نبی اکرم ؐ تمام جہانوں کےلئے رحمت اللعالمین بنا کر بھیجے گئے ۔انہوں نے کہاکہ آج ننکانہ صاحب کی سرزمین پر تاریخ رقم ہو گئی ہے۔ جنم استھان ننکانہ صاحب میں سرور کائنات کی ولادت کا جشن منایا جا رہا ہے۔ پاکستان میں مسلمان اور دیگر تمام مذاہب کے لوگ امن و محبت کے ساتھ رہتے ہیں ۔تقریب کے میزبان سردار گوپال سنگھ نے کہا کہ وہ تمام مسلمانوں کو پیغمبر اسلام حضورنبی اکرمؐ کے یوم ولادت کی مبارکباد دیتے ہیں ۔ منہاج القرآن انٹرفیتھ ریلیشنز کے ڈائریکٹر سہیل احمد رضا اور سردار گوپال سنگھ چاولہ چیئرمین پنجابی سکھ سنگت نے نقابت کے فرائض انجام دئیے۔ تقریب میں سردار امیر سنگھ صدر پاکستان پربندھک کمیٹی، سردا رمیش سنگھ اروڑا ایم پی اے پنجاب، سردار پرتاب سنگھ، سردار جنم سنگھ ہیڈ گرنتھی،سردار درشن سنگھ، علامہ ڈاکٹر محبّ النبی طاہر، علامہ پیر سید عاطف گیلانی، علامہ صاحبزادہ احمد عاصم سلیم، علامہ سید سلیمان مصطفیٰ گیلانی، علامہ پیر علی رضا، ڈاکٹر محمد زبیر اختر معصومی، نعیم چوہدری، سید مظہر اللہ گیلانی، سید عتیق گیلانی،شہزاد خان و دیگر شریک ہوئے۔