شان شاہد، عمران خان کے دفاع میں سامنے آگئے

October 18, 2021

پاکستان فلم انڈسٹری کے معروف اداکار شان شاہد پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کرنے پر وزیراعظم عمران خان کا دفاع کرنے میدان میں آگئے۔

سوشل میڈیا پر ایک ٹوئٹر صارف نے بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کرنے پر وزیراعظم عمران خان کے خلاف ایک طنزیہ پوسٹ شیئر کی۔

اس پوسٹ کو دیکھتے ہی فلم اسٹار شان شاہد اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور وہ وزیراعظم عمران خان کا ساتھ دینے میدان میں آگئے۔

شان شاہد نے عمران خان کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ’خام تیل کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں کیونکہ عالمی سطح پر ان کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے۔‘

واضح رہے کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ کیا ہے۔

پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 10 روپے 49 پیسے بڑھا دی گئی ہے جس کے بعد ایک لیٹر پیٹرول کی قیمت 137روپے79 پیسے ہوگئی ہے۔

یاد رہے کہ ملک بھر میں پیٹرول کی قیمت میں اضافہ سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بنا رہا، عوام کی جانب سے ملک میں بڑھتی مہنگائی پر دلچسپ تبصرے کیے جارہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر کسی نے وزیراعظم سے گھبرانے کی اجازت مانگی تو کسی نے عمران خان کو نئے پاکستان کی مبارکباد دے ڈالی۔