کراچی: اسٹریٹ کرائمز میں 10 فیصد اضافہ، اعداد و شمار جاری

October 18, 2021

کراچی میں گزشتہ سال کی نسبت رواں برس اسٹریٹ کرائمز میں 10 فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے۔

سی پی ایل سی کی جانب سے جولائی، اگست اور ستمبر کے مہینے میں اسٹریٹ کرائمز کے اعداد و شمار جاری کردیے گئے ہیں۔

ان کے مطابق رواں سال کے گزشتہ 3 ماہ میں اسٹریٹ کرائمز کی 27 ہزار 519 وارداتیں ہوئیں جو گزشتہ برس کے اسی عرصے میں ہونے والی وارداتوں سے تقریباً 10 فیصد زائد ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ جولائی، اگست اور ستمبر کے دوران 25 ہزار 777 وارداتیں ہوئی تھی۔

سی پی ایل سی کے مطابق سب سے زیادہ اضافہ موٹر سائیکلیں چوری کی وارداتوں میں ہوا، رواں سال کے 3 ماہ میں 12 ہزار شہریوں کی موٹر سائیکلیں چوری ہوئیں، گزشتہ سال اسی عرصے میں 10ہزار 55 افراد کی موٹر سائیکلیں چوری کی گئیں۔

اعدادوشمار میں بتایا گیا کہ رواں سال کے تین ماہ میں شہر میں 1171 موٹر سائیکلیں چھینی گئیں، گزشتہ سال اسی عرصے میں 725 موٹرسائیکلیں چھینی گئی تھیں۔

ان میں کہا گیا کہ رواں سال کے 3 ماہ میں 463 گاڑیاں چھینی، چوری کی گئیں جبکہ گزشتہ سال یہ تعداد 484 تھی۔

رواں سال کے 3 ماہ میں 13 ہزار 786 موبائل فون چھینے اور چوری کیے گئے جبکہ گزشتہ سال کے اسی وقت میں چھینے، چوری کیے گئے موبائل فونز کی تعداد 14 ہزار 513 ریکارڈ کی گئیں۔