• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گووندا نے پاکستان مخالف فلموں میں کام کیوں نہیں کیا؟

گووندا---فائل فوٹو
گووندا---فائل فوٹو 

بالی ووڈ کے معروف اداکار گووندا ان دنوں سوشل میڈیا پر ایک وائرل کلپ کے باعث خبروں میں ہیں، جس میں انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ ایسی فلموں میں کام نہیں کرتے جس میں کسی ملک یا قوم کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کی جائے۔

گووندا 1990ء کی دہائی میں اپنی کامیڈی اور رومانوی سپرہٹ فلموں کے باعث بھارت اور پاکستان دونوں میں بے حد مقبول رہے ہیں، حال ہی میں ریئلٹی شو انڈین آئیڈل کا ایک کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا، جس میں گووندا نے بتایا کہ میں نے 2001ء کی بلاک بسٹر فلم غدر، ایک پریم کتہا میں کام کرنے سے انکار کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ غدر میں زبانی بدکلامی تھی، میں ویسے بھی ایسی فلمیں نہیں کرتا جہاں مجھے کسی کو گالیاں دینی ہوں، خاص طور پر کسی ملک کے خلاف، میں کسی کے لیے بھی ایسا کام نہیں کرتا۔

ان کے اس بیان پر شو میں موجود بھارتی ریپر بادشاہ اور دیگر ججز حیران رہ گئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گووندا کو اس فلم میں مرکزی کردار کی پیشکش کی گئی تھی، تاہم انہوں نے اسے قبول نہیں کیا۔

 سوشل میڈیا پر پاکستانی صارفین ان کے مؤقف کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کر رہے ہیں، ایک صارف نے لکھا ہے کہ گووندا ایک محبت کرنے والے انسان ہیں، انہوں نے کبھی کسی ملک کے خلاف بات نہیں کی۔

دوسرے نے کہا ہے کہ اسی لیے ہم انہیں پسند کرتے ہیں، جبکہ ایک اور صارف کا کہنا ہے کہ یہی چیز آپ کو نمبر ون اور قابلِ محبت بناتی ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید