• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت، نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کا اجلاس طلب

Indian Aggression On Loc Meeting Of National Security Committee
کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت کے بعد پاکستان کی نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کااجلاس طلب کرلیا گیا، اجلاس منگل کوہوگا، دوسری جانب آئندہ بدھ کوپارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، جبکہ کل وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کیا گیا ہے۔

نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت وزیر اعظم نواز شریف کریں گے، جس میں چاروں وزرائےاعلیٰ کوبھی شرکت کی دعوت دےدی گئی ہے، جس میں ایل اوسی اور مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم سے متعلق امور پر غور ہوگا۔

وزیراعظم نے ایل اوسی اورمقبوضہ کشمیر کے حوالے سے اہم اقدامات کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں آئندہ بدھ کوپارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیراعظم نواز شریف نےوفاقی کابینہ کااہم اجلاس کل طلب کیا ہے،مقبوضہ کشمیر کی صورت حال کل کابینہ اجلاس کا اہم ایجنڈہ ہوگا۔

اجلاس میں وزیراعظم جنرل اسمبلی اجلاس اور عالمی رہنماؤں سے ملاقاتوں کی تفصیل سے آگاہ کریں گے، جبکہ پارلیمنٹ کے اجلاس میں ملکی خود مختاری کے دفاع کے عزم کا اعادہ کیا جائے گا۔

وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ جموں کشمیر کا تنازع تقسیم ہند کا نا مکمل ایجنڈہ ہے، کشمیری اپنے حق خود ارادیت کے لیے جدو جہد کر رہے ہیں۔

اس سے قبل وزیراعظم نوازشریف کو مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ نے بریفنگ دیتے ہوئے ایل او سی کی صورتحال سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم نوازشریف کو مشیر قومی سلامتی نے تفصیلی رپورٹ بھی پیش کی جس میں لائن آف کنٹرول کی صورت حال پر وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا، وزیراعظم نے بھارتی جارحیت روکنے کے لیےمسلح افواج کی تیاریوں پر اظہار اطمینان کیا۔

دریں اثناء وزیراعظم نوازشریف سے وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار نے ملاقات کی جس کے دوران ملک کی موجودہ سلامتی کی صورت حال پرتفصیلی گفتگو کی گئی، وزیرداخلہ نے انہیں سیکیورٹی کی صورت حال مؤثربنانے کے امورسے آگاہ کیا۔
تازہ ترین