• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: درخشاں تھانے میں زیر حراست ملزم کی ہلاکت کا نامزد ملزم سابق ایس پی منظر عام پر آگیا


کراچی کے درخشان تھانے میں 15 اپریل کو پولیس تشدد سے زیر حراست ملزم کی ہلاکت کے مقدمے میں نامزد مرکزی ملزم سابق ایس پی نیرالحق 20 روز بعد منظرعام پر آگیا۔

ملزم نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے 14روز کی حفاظتی ضمانت حاصل کرکے سندھ پولیس کو آگاہ کیا۔

دستاویزات کے مطابق ملزم نے 3 مئی کو حفاظتی ضمانت حاصل کی، عدالت نے 16 مئی تک حفاظتی ضمانت دی۔

تفتیشی پولیس کا کہنا ہے کہ سابق ایس پی کلفٹن پر تشدد کرکے زیر حراست ملزم کو قتل کرنے کا الزام ہے، ملزم کو جلد انویسٹی گیشن ساؤتھ پولیس کے سامنے پیش ہو کر بیان ریکارڈ کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سابق ایس پی نیر الحق اور ساتھیوں کے خلاف قتل کا مقدمہ 16 اپریل کو درج ہوا تھا، کراچی پولیس چیف کی تحقیقاتی کمیٹی نے بھی نیر الحق کو قتل میں براہ راست ملوث قرار دیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کا مقدمہ درج ہونے کے بعد سے سابق ایس پی نیر الحق فرار ہوگیا تھا، مقدمے میں سابق ایس ایچ او درخشاں، محرر اور چوکی انچارج پہلے ہی گرفتار ہیں۔

قومی خبریں سے مزید