• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدر ممنون حسین آج سرکاری دورے پر قطر جائیں گے

President Mamnoon Hussain To Leave For Qatar On Saturday
صدر مملکت ممنون حسین 25 اکتوبر تک قطر کا چار روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔ صدر مملکت امیر قطر شیخ تمیم بن حمد بن خلیفہ الثانی کی دعوت پر قطر کا دورہ کر رہے ہیں۔ اس دورے کے دوران صدر ممنون حسین امیر قطر اور دوسری اہم شخصیات کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے ۔

وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ان ملاقاتوں میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کا جائزہ لیا جائے گا اور علاقائی و عالمی امور زیربحث آئیں گے۔ پاکستان اور قطر کے درمیان تمام شعبوں میں شاندار تعلقات قائم ہیں۔

دونوں ممالک علاقائی اور عالمی امور پر مشترکہ موقف رکھتے ہیں اور اقوام متحدہ و او آئی سی سمیت دیگر بین الاقوامی فورمز پر قریبی تعاون کرتے ہیں۔ پاکستان اور قطر کے درمیان تعلقات کی اہم وجہ عوامی روابط ہیں۔

قطر میں ایک لاکھ 25 ہزار پاکستانی قیام پذیر ہیں جو پاکستان کے ساتھ ساتھ قطر کی ترقی اور استحکام کے لئے اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔

صدر ممنون حسین کے قطر کے دورے کا اصل پہلو قطر کی قیادت کے ساتھ بات چیت ہے جس سے دونوں ملکوں کے درمیان توانائی، تجارت، سرمایہ کاری، دفاع اور روزگار کے مواقع سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ ملے گا۔
تازہ ترین