• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شمالی بلوچستان ،بارش و برفباری ،حادثات میں 2افراد جاں بحق

Snowfall And Heavy Rain In Northern Balochistan 2 Dies In Different Incident
ملک کے بالائی علاقوں اورشمالی بلوچستان میں برفباری اور بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا،کہیں یخ ٹھنڈے موسم نے بہتی آبشاروں کو جمادیا توکہیں ندی نالوں میں طغیانی آگئی، مختلف حادثات میں دوافراد جاں بحق ہوگئے جبکہ بچوں سمیت پانچ افراد کو بچالیا گیا۔

شمالی بلوچستان، دیر اور قبائلی علاقے باجوڑایجنسی میں برفیلی ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں غیرمعمولی اضافہ ہو گیا ہے، برف باری اور بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی ۔

چمن سمیت شمالی بلوچستان میں طوفانی بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے ، بوغرہ اور لیول کراس ندی میں طغیانی آنے کے باعث دو کاریں سیلابی ریلے میں بہہ گئیں، حادثے میں ایک شخص جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔

کلی ٹھیکیدار ندی میں 2بچوں سمیت 3افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے، جنہیں زندہ نکال لیا گیا، قلات میں مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز جبکہ ڈپٹی کمشنرقیصر ناصر نے چمن میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقلی کی ہدایت کی ہے۔

گلگت بلتستان کے ضلع دیامر، غذر اور استور میں برف باری نے لوگوں کو مشکل میں ڈال دیا ہے، لہو جمادینے والی سردی میں کہیں لکڑیوں کی کمی تو کہیں راستے بند ہیں۔

آزاد کشمیر کی وادی لیپہ سمیت دیگرعلاقوں میں بھی برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

مری میں ابر آلود موسم نے ملکہ کوہسار کا حسن دوچند کیا تو قدرتی حسن کے شیدائی موسم کی دلکشی کا لطف اٹھانے پہنچ گئے۔
تازہ ترین