• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بنگلہ دیش کا دورہ پاکستان کا کوئی امکان نہیں، شہریار خان

Bangladesh Tour Of Pakistan Unlikely Shahryar Khan
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یار خان نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ اپریل میں ہونے والے آئی سی سی کے اجلاس میں بگ تھری کے خاتمہ کے معاملہ پر مزید پیش رفت ہوگی اور اس سلسلہ میں پی سی بی اپنا موقف واضح طور پر پیش کرچکا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مستقبل قریب میں بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا امکان نہیں ہے۔ اگست میں بنگلہ دیش دورے سے قبل مالی معاملات پر بات کریں گے۔ بنگلہ دیش ٹیم کے دورہ نہ کرنے کی وجہ سیکورٹی خدشات نہیں ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں عبدالحفیظ کاردار اسکول کرکٹ چیمپئن کی تقریب رونمائی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپریل کے پہلے ہفتے سے ملک بھر میں عبدالحفیظ کاردار اسکول چیمپئن شپ کا آغا ز ہورہا ہے، ہماری کوشش ہوگی کہ اس کا فائنل ٹی وی پر براہ رست دکھایا جائے۔

اگلے سال 1000سے زائد اسکولز کی ٹیموں کو اس ٹورنامنٹ میں شامل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسکولز ٹورنامنٹ کے انعقاد سے تعلیمیافتہ کرکٹرز سامنے آئیں گے جبکہ اس کے بعد کلب چیمپئن شپ کا بھی انعقاد ہوگا اور اگلے سال یونیورسٹی چیمپئن شپ ہوگی۔

چیئرمین پی سی بی نے کہاکہ گراس روٹ سطح پر سرگرمیوں سے قومی ٹیم کو نیا ٹیلنٹ حاصل ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں ایس لائن گیند کو استعمال کیا جائے گا اور اگر یہ استعمال میں بہتر ثابت ہوا تو پھر اس کو مستقل طور پر ڈومیسٹک کرکٹ کا حصہ بنادیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ ریجنز کا سارا خرچہ پی سی بی اٹھاتا ہے اور ہماری کوشش ہے کہ ریجنز اسپانسر شپ حاصل کریں۔ ہم نے حکومت سے درخواست کی ہے کہ وہ گراس روٹ لیول پر زیادہ سے زیادہ گرائونڈ مہیا کرے تاکہ گراس روٹ لیول پر کرکٹ کی زیادہ سے زیادہ سرگرمیوں کا انعقاد ہوسکے۔

پی سی بی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ پی سی بی نے اسکول چیمپئن شپ کے لئے 8کروڑ کے قریب فنڈز رکھے ہیں اور مستقبل میں ہماری کوشش ہوگی کہ اس ٹورنامنٹ کے لئے بھی اسپانسر شپ حاصل کریں۔
تازہ ترین