• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
India Decided To Attend Champions Trophy
بائیکاٹ کی دھمکیوں کے بعد بھارت نے یکم جون سے شروع ہونے والی چیمپینز ٹرافی میں شرکت کا فیصلہ کرلیا، بھارتی ٹیم کا اعلان کل کیا جائے گا، چیمپینز ٹرافی میں پاک بھارت ٹاکرا چار جون کو ہوگا۔

بھارت کی دھمکیاں کام نہ آسکیں ، ٹیم بھی چیمپینز ٹرافی میں حصہ لے گی، آئی سی سی کو کوئی قانونی نوٹس بھی نہیں بھجوایا جائے گا۔

دہلی میں بھارتی بورڈ کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ بھارتی ٹیم شیڈول کے مطابق آئی سی سی چیمپینز ٹرافی میں حصہ لے گی جبکہ ایونٹ کے لئے ٹیم کا انتخاب پیر کو کیا جا ئے گا۔

اس کے ساتھ یہ فیصلہ بھی کیا گیا ہے کہ آئی سی سی کو نوٹس نہیں بھیجا جائے گا جبکہ مالی معاملے پر بات چیت کے لئے دو نمائندے جائیں گے۔

آئی سی سی کے گزشتہ ماہ ہونے والے اجلاس میں بھارت کواس وقت منہ کی کھانی پڑی تھی جب بگ تھری کے معاملے پر اسے شکست ہوئی۔

اس کے بعد بھارت کی جانب سے آئی سی سی چیمپینز ٹرافی کے بائیکاٹ کی خبریں سامنے آئیں اور یہ بھی کہا جانے لگا کہ آئی سی سی کے خلاف قانونی جنگ بھی لڑی جائے گی لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا اور یہ دھمکیاں گیدڑ بھبکیاں ہی ثابت ہوئیں۔
تازہ ترین