• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق وزیر اعظم نواز شریف کا فوری وطن واپسی کا فیصلہ

Former Prime Minister Nawaz Sharif Decided To Return Back Pakistan Immediately

سابق وزیراعظم نواز شریف نے فوری طور پر وطن واپسی کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ نواز شریف پی آئی اے کی پرواز 786 کے ذریعے کل صبح 7 بجے وطن پہنچیں گے۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف منگل 26 ستمبر کو نیب ریفرنس پر عدالت میں بھی پیش ہوں گے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ فیصلہ آج لندن میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ وطن واپسی کے بعد نواز شریف پارٹی کا اعلیٰ سطح کا اجلاس بھی بلائیں گے۔

اس حوالے سے جب مسلم ن کے ترجمان سینیٹر مشاہد اللہ سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے اس خبر کی تصدیق کی۔

ذرائع کے مطابق وکلا نےنواز شریف کو وطن واپسی اوراستثنیٰ حاصل کرنےکا مشورہ دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے ہک نواز شریف اپنے اسٹاف کےساتھ وطن واپس آئیں گے، حسن نواز، حسین نواز اور مریم نواز اپنی والدہ کلثوم نواز کے ساتھ لندن میں ہی قیام کریں گے۔

وفاقی وزیر سینیٹر مشاہداللہ کہتے ہیں کہ نوازشریف کے واپس نہ آنے کی سب باتیں غلط ثابت ہوئیں۔

نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ نوازشریف کو علم ہے کہ ان کے ساتھ جو ہورہا ہے وہ احتساب نہیں اس کے باوجود انہوں نے وطن واپس آنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایک بیان میں مریم نواز نے کہا کہ معاملہ صرف نوازشریف کا نہیں رہا، یہ بیس کروڑ افراد کی جنگ ہے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ تبدیلی کے لیے چیلنج کرنے میں بڑی جرات اور ہمت کی ضرورت ہوتی ہے جو ہر کسی کے بس کی بات نہیں۔

نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز کا کہنا ہے کہ نواز شریف پاکستان جا کرعدالتوں کا سامنا کریں گے، نواز شریف چھبیس ستمبرکو عدالت میں پیش ہوں گے۔

حسین نواز نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ والدہ کی طبیعت کافی ناساز ہے، ایسے میں والد کے لیے لندن میں رہنا انتہائی ضروری ہے تاہم وہ یہ تاثر قائم نہیں کرنا چاہتے کہ عدالت میں پیش نہیں ہورہے۔

 

تازہ ترین