بالی ووڈ کے معروف اداکار فردین خان نے ویب سیریز’ہیرا منڈی‘ سے 14 سال بعد اسکرین پر واپسی کے بارے میں بات کی۔
فردین خان نے اپنے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا کہ مجھے شروتی مہاجن نے ایک ایوارڈز تقریب میں دیکھا تھا جو کئی سالوں سے سنجے لیلہ بھنسالی کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔
اداکار نے مزید بتایا کہ مجھے یہ نہیں معلوم کہ شروتی مہاجن ایوارڈز کی تقریب میں خود موجود تھیں یا پھر اُنہوں نے مجھے ٹیلی ویژن پر دیکھا لیکن میرے اس کردار کے لیے انتخاب کرنے کی تجویز اُنہوں نے دی تھی۔
فردین خان نے بتایا کہ شروتی مہاجن نے مجھے کال کرکے کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ میں سنجے لیلہ بھنسالی اور ان کی ٹیم سے ملوں اور چونکہ میں اتنے عرصے سے فلموں سے دور تھا تو وہ مجھ سے مل کر اس بات کی تسلی کرنا چاہتے تھے کہ آیا میں واقعی اس کردار کے لیے موزوں ہوں یا نہیں۔
اداکار نے بتایا کہ جب ولی محمد کے کردار کے لیے میرے لُک ٹیسٹ ہوئے تو وہاں سنجے لیلہ بھنسالی موجود نہیں تھے اس لیے میری تصویریں ان کو بھیجی گئیں اور پھر مجھے اُنہوں نے فون کرکے مبارکباد دی کہ میرا انتخاب کرلیا گیا ہے۔