• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹماٹر کی قیمتیں بڑھنےکے خلاف سوشل میڈیا پر بائیکاٹ

Boycott On Social Media Against Increasing Tomato Prices

ٹماٹر کی قیمتیں بڑھنے سے سوشل میڈیا پر بھی بائیکاٹ پارٹی سرگرم ہوگئی، 26 ،27اور 28 ستمبر کو ٹماٹروں کے بائیکاٹ کی مہم شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

ٹماٹروں سے پکےچٹ پٹے اور مصالحے دار کھانے چھوڑیں، دہی کھائیں۔ ٹماٹروں کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف سوشل میڈیا پارٹی متحرک ہوگئی۔ رمضان میں عوام نے کمر کسی اور قیمتوں کے خلاف پھلوں کا بائیکاٹ کیا۔

اب اس کا کوئی فائدہ ہوا یا نہیں لیکن ٹماٹر مہنگے ہونے پر عوام ایک بار پھر میدان میں آنے کو تیار ہیں اور اس بار بائیکاٹ ہوگا ٹماٹر کا۔

سوشل میڈیا پر مہم کے بائیکاٹ کی تجویز کے بعدکسی دل جلے نے تو یہاں تک کہہ دیا کہ دو ہفتوں تک کھانوں میں ٹماٹر استعمال نہ کریں۔

ملک کے مختلف شہروں میں ٹماٹروں کی قیمتوں کا گراف نہیں گرسکا، ڈبل سینچری کے بعد بھی چین نہیں ملا، کئی شہروں میں ٹماٹروں کی ڈھائی سو روپے کلو فروخت جاری ہے۔

لاہور ، کراچی، اسلام آباد، پشاور، ملتان، گوجرانوالہ، بدین، راجن پور، جیکب آباد اور ملک کے کئی شہروں میں عوام کو رلا رہے ہیں اور دہی کی راہ دکھارہے ہیں ۔

دکاندار ڈیمانڈ اور سپلائی میں توازن نہ ہونے کا رونا رو رہے ہیں، تو بیوپاری ٹماٹر کی کاشت متاثر ہونے کی دہائی دیتے ہیں۔

ٹماٹر مہنگے ہونے کا اثر ماہ محرم میں سب سے زیادہ ان پکوان خانوں پر پڑا ہے جہاں لنگر و نیاز کی دیگوں کی لمبی قطاریں لگی رہتی تھیں۔

تازہ ترین