• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روس: 30 انسانوں کو کھانے والا جوڑا گرفتار

روس میں 30 انسانوں کو کھانے والا آدم خور جوڑا پکڑا گیا، ملزمان نے اعتراف جرم کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے کم ازکم ڈھائی درجن سے زائد لوگوں کو مار کر اپنا نوالہ بنایا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق روس میں ایک آدم خور جوڑے نے30 افراد کو مار کر کھانے کے ساتھ انسانی اعضا جمع کرنے، ان کے ساتھ تصاویر کھنچوانے کا بھی اعتراف کیا ہے۔

پولیس نے آدم خور خاندان کے گھر سے 8 بڑے انسانی اعضا دریافت کرنے کی تصدیق کی ہے، مزید شواہد کے لیے گھر کا کونا کونا جانچا جا رہا ہے ۔

اس خونی واقعے کا مرکزی ملزم 35 سالہ دیمیتری بکشی یف ہے جس نے اعتراف کیا کہ وہ 1999ء سے انسانوں کو مار کر کھا رہا ہے۔

دمیتری بکشی یف اور اس کی اہلیہ نے فریج اور فریزر کے علاوہ برتنوں اور مرتبانوں میں انسانی گوشت بھی جمع کر رکھا تھا۔

فریج سے انسانی اعضا کی 7 تھیلیاں بھی ملیں جن میں منجمد گوشت موجود تھا، گھر سے مرنے والوں کی جلد کے 19 بڑے ٹکڑے بھی برآمد ہوئے، یہ خاندان جنوبی روس کے علاقے کراسنودارمیں مقیم تھا اور اس کی 42 سالہ اہلیہ نتالیہ ایک نرس ہے جو خود اس جرم میں برابر کی شریک رہی ہے ۔

ان کے مکان کے مختلف حصوں کی تلاش جاری ہے اورپولیس کو یقین ہے کہ مزید انسانی اعضا برآمد ہوسکتے ہیں۔

تازہ ترین