• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران اگلے سال لندن میں اپنی سسرال میں ہوں گے، رانا ثنا

Imran Khan Will Be With In Laws Next Year Rana Sanaullah

پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے ایک بار پھر عمران خان کو پاگل قرار دے دیا، کہا ہے کہ عمران خان ہر بات پر خوش ہوتے رہتے ہیں، عمران خان 2018ء میں لندن میں اپنی سسرال میں ہوں گے، ہوسکتا ہے حسن اور حسین نواز سے ملاقات بھی کریں اور چائے بھی پیئیں۔

صوبائی وزیرقانون رانا ثناءاللہ نے پنجاب اسمبلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ شیخ رشید راول پنڈی کا شیطان ہے، عدالت شیخ رشید کے خود ساختہ ترجمان بننے کا نوٹس لے۔

ایک سوال پر رانا ثناءاللہ نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ عمران خان 2018ء کے انتخابی نتائج کے بعد سیاست کو خیر باد کہہ دیں گے اور بقیہ زندگی اپنے سسرال برطانیہ میں گزاریں گے اورحسن ،حسین نواز کے ساتھ شام کو چائے پیا کریں گے۔

رانا ثناء اللہ کا کہناتھا کہ وہ راسخ العقیدہ مسلمان ہیں اور ختم نبوت پر غیر متزلزل ایمان رکھتے ہیں، سیاسی مخالفین نے قادیانیوں کے بارے میں میرے بیان کو توڑ موڑ کر پیش کیا۔

ان کا کہناتھاکہ آئین میں واضح ہے کہ قادیانی غیر مسلم ہیں اور ختم نبوت پر ایمان نہ رکھنے والا دائرہ اسلام سے خارج ہے۔

رانا ثناءاللہ نے نیب عدالت میں پیش آنے والے واقعےکی بھی مذمت کی۔

ادھر لاہورہائیکورٹ بار نے پنجاب کے وزیرقانون راناثنااللہ کی بار کی رکنیت ختم کردی ۔

اس حوالے سے رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ وہ ختم نبوت پر کامل ایمان رکھتے ہیں،ان سے غلط باتوں کو منسوب کیا جارہا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ بارکے اجلاس میں راناثنااللہ کی بار کی رکنیت ختم کرنے کا اعلان کیا گیا اور پاکستان بھرکی بارایسوسی ایشنز میں رانا ثناء اللہ کے داخلے پر تاحیات پابندی لگانے کا بھی کہا گیا ہے۔

سپریم کورٹ بار کے سیکریٹری آفتاب باجوہ اور لاہور ہائیکورٹ بارکے وکلاء نے رانا ثناء اللہ کے خلاف مظاہرہ بھی کیا ہے۔

تازہ ترین