• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برلن میں پاکستانی اسٹارٹ اپ کیلئےبہترین آئیڈیا ایوارڈ

Pakistani Startup Docthers Wins Best Idea Award

جرمن دارالحکومت برلن میں ورلڈ ہیلتھ سمٹ کے بین الاقوامی اسٹارٹ اپ مقابلے میں پاکستانی اسٹارٹ اپ ڈاکٹ ہرز کو بہترین آئیڈیا کا ایوارڈ دیا گیا۔

جرمن دارالحکومت برلن میں ورلڈ ہیلتھ سمٹ میں اسٹارٹ اپ مقابلے میں پاکستان سے ڈاکٹ ہرز نامی اسٹارٹ اپ پراجیکٹ کو آن لائن ہیلتھ کیئر سے منسلک بہترین آئیڈیا کے لیے ایوارڈ دیا گیا۔

ڈاکٹ ہرزا سٹاراٹ اپ گھر بیٹھی تربیت یافتہ خواتین ڈاکٹرز کو پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے جہاں وہ آن لائن ویڈیو کائونسلنگ کے ذریعے طب کے شعبے میں اپنی خدمات جاری رکھ سکتی ہیں۔

اسٹارٹ اپ ٹریک 2017 پروگرام میں دنیا بھر سے دس فائنلسٹ نے جیوری کے سامنے اپنے منفرد آئیڈیاز کو پیش کیا تھا، آخر میں doctHERs ا سٹارٹ اپ کی شعبہ صحت میں خواتین کے کردار کو فعال بنانے کی کاوش نے جیوری کو قائل کرکے ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔

اس موقعہ پر’’doctHERs‘‘ اسٹارٹ اپ کے مشترکہ بانی ڈاکٹر اشعر حسن کا کہنا تھا کہ یہ ایوارڈ پاکستان کے لیے اعزاز کی بات ہے اور اس سے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کی خواتین ڈاکٹرز کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ ڈاکٹر حسن کا مزید کہنا تھا کہ ’’doctHERs‘‘ کا بنیادی مقصد گھر بیٹھی تربیت یافتہ خواتین ڈاکٹرز کے لیے ہیلتھ کیئر میں واپسی کا راستہ ہموار کرنا ہے۔ آن لائن ہیلتھ کیئر کے ذریعے اب دنیا بھر سے خواتین ڈاکٹرز گھر بیٹھے مریضوں کی کائونسلنگ کر سکتی ہیں۔

جرمن وفاقی وزیر برائے صحت ہیرمان گروہے نے ایوارڈ دیتے وقت پاکستانی اسٹارٹ اپ ڈاکٹ ہرز پراجیکٹ کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے جدید آئیڈیاز کے ذریعے ہی ہم ہیلتھ کیئر کے مستقبل کو بہتر بنا سکتے ہیں، صحت میں بہتری اور خواتین کو با اختیار بنانے کو اقوامِ متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف میں اولین ترجیح حاصل ہے۔

تین روزہ سمٹ کے دوران پائیدار ترقی کے اہداف پر منعقد کردہ ایک سیمینار میں اسلام آباد کے ادارہ برائے پائیدار ترقی کی سینئر رسرچر ایسوسی ایٹ سعدیہ رزاق کے مطابق پاکستان کی موجودہ شعبہ صحت کی پالیسیوں کے ذریعے ان اہداف کے حصول میں مزید وقت درکار ہے۔

سعدیہ رزاق نے بتایا کہ صحت کے شعبے میں صنفی مساوات کے فروغ کے لیے پاکستان میں تمام شعبوں کو یک جہتی لائحہ عمل طے کرنا ہوگا۔ورلڈ ہیلتھ سمٹ دنیا بھر میں صحت عامہ کے مسائل کو اجاگر کرنے کے ساتھ عالمی سطح پر اہم ترجیحات متعین کرنے کے لیے منعقد کی گئی ہے۔ تین روزہ اجلاس میں دنیا بھر سے ہزاروں ماہرین طب، حکومتی وفود اور دانشوروں نے شرکت کی ۔

تازہ ترین