• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برصغیر پاک وہند کی نامور گلوکارہ ملکہ ترنم نور جہاں کو مداحوں سے بچھڑے17برس بیت گئے ،لیکن ان کی سریلی آواز آج بھی مداحوں کے کانوں میں رس گھولتی ہے۔

میلوڈی کوئین کے نام سے پہچانی جانے والی میڈم نور جہاں 21ستمبر 1926کو قصور کے موسیقار گھرانے میں پیدا ہوئیں اوراپنے فلمی کیرئیر کا آغاز9 سال کی عمر سے کیا اور جلد ہی ایک جانی پہچانی چائلڈ اسٹار بن گئیں۔

ان کا اصل نام اللہ وسائی تھا جبکہ نور جہاں ان کا فلمی نام تھا ، ملکہ ترنم نور جہاں نے اپنے فنی کیرئیر کے دوران ہزاروں گیت گائے اور 1965ء کی پاک بھارت جنگ کے دوران قومی نغمے بھی گائے جو ہماری قومی تاریخ کا اہم حصہ ہیں۔

6دہائیوں پر محیط فنی سفرمیں انہوں نے 26 بھارتی اور پاکستانی فلموں میں مرکزی کردار ادا کئے اور مجموعی طورپرایک ہزارسے زائد فلموں کے لیے غزلیں اورگیت گائے ۔

ان کا سب سے پہلا گانا مجھ سے پہلی سی محبت میرے محبوب نہ مانگ بے پناہ ہٹ ہوا، جس نے ملکہ ترنم کو کامیابیوں کے نئے سفر پر گامزن کر دیا۔

حکومت پاکستان نے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی اور نشان امتیاز بھی عطا کیا ۔

اپنی گائیکی اور گیتوں سے مداحوں کے دلوں پر راج کرنے والی ملکہ ترنم نور جہاں 23دسمبر 2000ء کوعلالت کے باعث انتقال کر گئیں، لیکن ان کے گیتوں کی آواز آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہے۔

تازہ ترین