• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلین ٹری سونامی منصوبہ ہمارا فخر ہے، عمران خان

Billion Tree Tsunami Project Is Proud Of Us Imran

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بلین ٹری منصوبے پر تنقیدکا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلین ٹری سونامی منصوبہ ہمارا فخر ہے، یہ پہلاماحولیاتی منصوبہ ہےجسےعالمی سطح پرپذیرائی ملی، بلین ٹری منصوبےکو اس لیے نشانہ بنایاجارہاہےکہ اسے تحریک انصاف نے شروع کیا۔

ایک بیان میں سربراہ پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ بلین ٹری سومانی منصوبے پر محض اس لئے حملے کرنا کہ اسے تحریک انصاف نے شروع کیا کہاں کی عقلمندی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ کی سب سے بڑی شجرکاری مہم پر حملوں کی بجائے ہم پنجاب اور سندھ کے جنگلات کی فکر کریں۔

عمران خان نے کہا کہ سندھ اور پنجاب کے جنگلات پر ٹمبر مافیا قابض ہے اور ان سے درختوں کا صفایا کیا جاچکا ہے۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا حکومت کی سرکاری دستاویزات نے بلین ٹری سونامی پراجیکٹ کے حوالے سے عمران خان کے دعوئوں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے پیش کردہ اعدادوشمار کو غلط قرار دیا تھا جبکہ ساڑھے 12ارب روپے کے منصوبے کے اخراجات پر بھی سوالات اٹھائےگئے تھے۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے دعویٰ کیا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے مختصر وقت میں صوبے کے مختلف علاقوں میں ایک ارب 18کروڑ پودے لگائے ہیں جس کو وہ ایک بڑی کامیابی قرار دے رہے تھے تاہم اب سوالات اٹھ رہے ہیں کہ اتنے مختصر وقت میں اتنی بڑی تعداد میں پودے کیسے لگائے جا سکتے ہیں۔

خیبرپختونخوا حکومت کی سرکاری دستاویزات کے مطابق65فیصد یعنی 75کروڑ 90لاکھ پودے قدرتی طور پر جنگلات میں اُگے ہیں‘ شجر کاری کے ذریعے 20فیصد یعنی 24کروڑ پودے لگائے گئے‘ 13فیصد یعنی 15کروڑ 30لاکھ پودے لوگوں میں مفت بانٹے گئے۔

خیبرپختونخوا حکومت نے مختلف فورمز پر دعویٰ کیا کہ بڑی تعداد میں پودے صوبے کے مختلف علاقوں میں لگائے گئے ہیں جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی نے مختلف مواقع پر پودوں کی تعداد لگائے گئے پودوں سے 5گنا زیادہ ہونے کا دعویٰ کیا جو کہ حقیقت کے برعکس ہے۔

 

تازہ ترین