• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت میں میٹرک کے امتحانات کے دوران طلباء پر جوتے پہننے پر پابندی عائد کر دی گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، ریاست بہار میںمیٹرک کا امتحان دینے والے 17 لاکھ سے زائد امیدواروں کے لئے 1200 مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ان میں سے اکثریت بغیر جوتوں کےامتحان دینے پہنچی۔بعض طلباء نے صرف موزے یا چپلیں پہن رکھی تھیں۔

جوتوں پر پابندی امتحانی بورڈ کی جانب سے لگائی گئی جس کا مقصدامتحان میں نقل کو روکنا ہے، ایسے طلباء جو امتحانی مراکز تک جوتے پہن کر آئے، انہیں ایک ہی صورت میں پرچہ دینے کی اجازت دی گئی کہ وہ جوتے اتار کر آئیں۔

جوتوں پر پابندی کے بعد طلباء کے مختلف ردّ عمل دیکھنے میں آئے۔بعض طلباء کا کہنا تھا کہ ہمیں چپلیں پہن کر پرچہ دینے کی ہدایت کی گئی ہےجبکہ حکومت کو چاہئے کہ وہ نقل روکنے کےبجائےتعلیم کا معیار بہتر بنانے کے اقدامات کرے تو اچھا ہوگا۔

کچھ سیاستدان بھی اس پابندی کے خلاف بیانات دینے لگے۔بہار اسمبلی میں حزب اختلاف پارٹی کے رہنما نے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ آج طلباء کو جوتے پہن کر امتحان دینے سے روکا جارہا ہے ، کل کپڑے پہن کر امتحان دینے پر پابندی لگائی جائے گی مگر حکومت تعلیمی نظام کو بہتر نہیں کرے گی۔

دوسری جانب بعض طلباء نے جوتوں پر پابندی کو سراہتے ہوئے کہا کہ طلباء نقل کا مواد اپنے جوتوں میں رکھ کر امتحانی مراکز تک لے جاتے ہیں تاہم اب وہ ایسا کرنے سے قاصر ہوں گے۔

وزیر تعلیم کا کہنا ہے کہ طلباء کی چیکنگ کرنے میں بہت وقت ضائع ہوتا ہے، نقل کی روک تھام کے لئے یہ اچھا اقدام ہے۔

واضح رہے حال ہی میں انٹرمیڈیٹ بورڈ کے امتحانات کے دوران تقریباً ایک ہزار طلباء نقل کرتے پکڑے گئے تھے۔

تازہ ترین