• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سبز رنگ آنکھوں کو بھلا لگتاہے، یہی وجہ ہے کہ سرسبز مقامات ہمیں اپنی جانب کھینچتے ہیں۔ ساتھ ہی ہم کوشش کرتے ہیں کہ گھر میں بھی کچھ ہریالی ہو۔ اسی لئے اگر ہمارے پاس جگہ کی کمی ہوتی ہے تو ہم باغبانی کے لیے گملوں کا سہارا لیتے ہوئے پھول پودوں کا انتظام کرلیتے ہیں اور کچھ نہ ہوتو منی پلانٹ کی بیلیں ہی لٹکا لیتے ہیں۔ 

گھر کی تزئینِ نو یا تعمیر کے وقت جب آپ کچن بنوائیں تو موجودہ ٹرینڈز پر ضرور ایک نگاہ ڈالیں۔ آجکل ’گرین کچن‘ کا ٹرینڈ خاصا مقبول ہے، تو کیوں نہ اس آپشن پر غور کیا جائے؟ یقین کریں کہ اسے اپناکر آپ کواپنا کچن بھلا لگے گا، ساتھ آنکھوں کو بھی سکون ملے گا۔

گرین کیبنٹس

اس ٹرینڈ میں صرف کیبنٹس اور کائونٹر کے نیچے والے حصے ہرے رنگ کے ہوتے ہیں، باقی سب ویسا کا ویسا ہی رہنے دیا جاتا ہے۔ البتہ آپ شیلف پر ہرے رنگ کے کچھ آرٹیفیشل پودے رکھ سکتے ہیں یا منی پلانٹ کی بوتل بھی لٹکائی جاسکتی ہے۔

مکمل گرین کچن

اس ٹرینڈ میں ہر چیز گرین ہوتی ہے ماسوائے کائونٹر ز کے، جو اپنے حقیقی رنگ یعنی برائون شیڈ میں ہوتے ہیں۔ اگر کچن کا فرش سفید، کائونٹر کتھئی اور باقی سب کچھ ہرے رنگ کا ہوتو پھر آپ کا کچن سدا بہار دکھائی دے گا۔ سبز چونکہ ایک قدرتی رنگ ہے، اسی لئے اس میں وسعت کا احسا س ہوتاہے۔ اگر ڈائننگ ٹیبل کچن کے اندر یا پھر اس کے ساتھ موجود ہے تو اس کی کرسیوں کے گرین کشن بھی خوبصورتی میں اضافہ کریں گے ۔

منٹ گرین

منٹ گرین بھی ایک عمدہ آپشن ہو سکتاہے، یہ روشن رنگ پورے کچن پر اپنی حکمرانی ثابت کرسکتاہے۔ تاہم اس کےساتھ کتھئی رنگ کا امتزاج بہتر ثابت نہیں ہوگا۔ ہاں اگر اسٹیل اور سفید رنگ کے کائونٹر اور کرسیاں موجود ہوں تو پھر یہ دلکش محسوس ہوگا۔

قدرتی وال پیپرز

آپ کچن کے لیے خاص طور پر ڈیزائن کردہ سبز رنگ کے اصل دکھائی دینے والے وال پیپرز لگا سکتے ہیں، جو آپ کے کچن کو کم پیسوں میں خوبصورت بنا دیں گے۔ یہ وال پیپر ہلکے رنگ کے درختوں والے یا بیل بوٹے والے بھی ہوسکتے ہیں۔

اسٹائلش انداز

مختلف رنگوں، فنشنگ اور ٹیکسچر کو خوبصورتی کے ساتھ ملا کر اگر لکڑی کا استعمال کیاجائے اور پھر ہرا رنگ کردیا جائے تو اس طرح کچن کلاسک بھی لگے گا اور جدیدبھی۔ لیکن اگر فرش بھی لکڑی کا ہےتو اس پر ہرا رنگ مت کریں بلکہ اسے اپنے قدرتی برائون یا سرخ رنگ میں رہنے دیں۔

سفید اور ہرا

ہرا اور سفید تو ہمارے پرچم کا رنگ بھی ہے۔ ہلکے سبز رنگ کی دیواریں اور سفید رنگ کے کیبنٹس اچھا تاثر دیںگے اور یہ آنکھوں کو بھلا بھی محسوس ہوں گے۔

نیون گرین

ہلکے سبز رنگ کو آپ برائٹ کردیںتو یہ نیون رنگ جیسا ہو جاتاہے۔ آپ اس کے ساتھ گہرے ہرے رنگ کا کنٹراسٹ بھی بناسکتے ہیں۔ تاہم اگر آپ دیواروں کے لیے ہلکے نیون رنگ کا انتخاب کرچکے ہیں تو اس کے ستونوں کو سفید رنگ کا رہنے دیں جبکہ کچن کے درمیان میں بنا کائونٹر آپ سیاہ رنگ کا رکھ سکتے ہیں، جس سے یہ کافی نمایاں ہو گا۔ اس کے علاوہ کچن کیبنٹس بھی سفید رنگ کے رہنے دیں، ایسا کرنے سے آپ کو اپنا کچن Coolمحسوس ہوگا۔

مسٹرڈ یلو فرش کے ساتھ

کچن کی دیواریں اگر ہلکے سبز رنگ کی ہیں اور کیبنٹس سفید رنگ کے تو ایسے میں مسٹرڈ یلو فرش کچن کا حسن دوبالا کرے گا۔ ساتھ ہی درمیان میں گہرے رنگ کا کائونٹر اور اس کے ساتھ رکھی کرسیاں بھی اس کی دلکشی میں اضافہ کریں گی۔

اوپن ایریا

اگر آپ کا کچن کھلا ہوا ہے تو پھر ہرے رنگ کو نہ صرف کچن میں بلکہ اس کے اِرد گرد کی جگہوں پر بھی استعمال کریں تاکہ پوری جگہ سبز رنگ کے شیڈ کی تھیم بن جائے۔

کرسیاں اور میز

اگر آپ اپنے کچن میں کچھ ترمیم یا تبدیلی نہیں کرنا چاہتے تو وہاں ہرے رنگ کی لکڑی کی کرسیاں اور میز استعمال کر سکتے ہیں۔ اسی طرح کائونٹرکا ٹاپ بھی گرین رنگ کا بنادیں تو بہت ہی شاہانہ اور دلکش انداز ملے گا اور اس سے کچن بھی جدید دکھائی دینے لگے گا۔

پیٹرن والا فرش

خوبصورت پیٹرن والے گرین سرامکس یا ٹائلز کے فرش کے ساتھ کچن کو زبردست ونٹیج انداز دیا جاسکتا ہے، جس سے اس کا نیا اسٹائل بھی متاثر نہیں ہوتا۔

ہرا ماربل اور گرینائٹ

دیواروں اور کاؤنٹر پر لگائے گئے ماربل یا گرینائٹ لگانے میں اگر آپ ہرے رنگ کا انتخاب کریں گے تو یہ بھی ایک عمدہ ٹرینڈ ثابت ہوسکتاہے۔ مزید یہ کہ اس میں گرین رنگ کی بہت سی تھیم مل سکتی ہیں،جن کے مختلف دلکش انداز آپ منتخب کرسکتےہیں۔

تازہ ترین