• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغانستان میں انسانی بحران سے بچنے کیلئے عالمی ہم آہنگی ضروری، جنرل باجوہ

راولپنڈی(جنگ نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ افغانستان میں انسانی بحران سے بچنے کے لیے عالمی سطح پر یکجا ہونے کی ضرورت ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے نیٹو کے سینئر سول نمائندہ اسٹیفانو پونتیکورو نے ملاقات کی۔یہ ملاقات جنرل ہیڈ کوارٹرز(جی ایچ کیو) میں ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ملاقات میں خطے میں امن استحکام اور افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نیٹو نمائندے نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار کو سراہا، نیٹو نمائندے نے کامیاب انخلاء آپریشنز اور خطے کے استحکام کی پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔

نیٹو نمائندے نے تمام ایشوز پر پاکستان اور افغانستان سے نیٹو ممالک کے روابط و تعاون بڑھانے کی یقین دہانی کرائی۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ افغانستان میں انسانی بحران سے بچنے کے لیے عالمی سطح پر یکجا ہونے کی ضرورت ہے۔

تازہ ترین