بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی منشات کیس میں خصوصی عدالت میں ضمانت کی درخواست مسترد ہونے کی وجہ سامنے آگئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی ضمانت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے خصوصی عدالت نے کہا کہ آریان کے دوست جو ان کے ساتھ سفر کر رہے تھے ان کے پاس سے منشیات برآمد ہوئیں اور انہیں اس بات کا علم تھا۔
آریان خان کے دوست ارباز مرچنٹ سے مبینہ طور پر چھ گرام چرس پکڑی گئی جبکہ آریان سے کوئی منشیات نہیں ملیں۔
عدالت نے ان کے رضاکارانہ بیانات کی وجہ سے بھی درخواستِ ضمانت مسترد کی، جن کے مطابق آریان پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے دوستوں سے کہا تھا کہ وہ کروز پر مل کر منشیات کا استعمال کریں گے۔
یاد رہے کہ آریان کی ضمانت کی درخواست گزشتہ روز این ڈی پی ایس کی ایک خصوصی عدالت نے مسترد کردی تھی۔
این ڈی پی ایس کی خصوصی عدالت کی جانب سے درخواستِ ضمانت مسترد ہونے کے بعد اب آریان خان کے وکیل ضمانت کے لیے ممبئی کی ہائی کورٹ سے رجوع کریں گے۔
کروز شپ منشیات کیس کا پس منظر
بھارت کے انسدادِ منشیات ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب سے ممبئی کے ساحل پر 3 اکتوبر کو ایک کروز شپ پر پارٹی کے دوران چھاپہ مار کر شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو گرفتار کیا گیا تھا۔
نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے ممبئی کروز شِپ منشیات کیس میں آریان خان کی اپنی آنے والی فلم کی ساتھی اداکارہ کے ساتھ منشیات کے حوالے سے کی جانے والی واٹس ایپ چیٹ بھی عدالت میں پیش کی تھیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق واٹس ایپ چیٹس سے ظاہر ہو رہا تھا کہ آریان خان اور اداکارہ کے درمیان منشیات کے بارے میں بات چیت ہوئی تھی۔