ممبئی کروز شِپ کیس میں گرفتار بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی ضمانت کی درخواست پر ممبئی ہائی کورٹ میں 26 اکتوبر بروز منگل کو سماعت ہوگی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق منشیات کیس میں گزشتہ روز ممبئی کی خصوصی عدالت کی جانب سے آریان خان کی درخواستِ ضمانت مسترد ہونے کے بعد اُن کے وکیل نے ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔
ممبئی کی عدالت کی جانب سے آریان خان کی درخواستِ ضمانت چار بار مسترد کی گئی ہے اور اسی وجہ سے اب اُن کے وکیل نے ممبئی ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔
دوسری جانب بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان نے آج صبح اپنے بیٹے آریان خان سے ملاقات کے لیے ممبئی کی آرتھر روڈ جیل کا دورہ کیا۔
یہ پہلا موقع ہے جب شاہ رخ کو اپنے بیٹے کی گرفتاری کے بعد کیمرے کے سامنے دیکھا گیا ہے، بھارتی میڈیا رپورٹس میں یہ بھی کہا جارہا ہے کہ شاہ رخ خان نے آریان خان کی گرفتاری کے بعد سے اپنی تمام شوٹنگز اور پراجیکٹس کو منسوخ کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ آریان خان 8 اکتوبر سے ممبئی کی آرتھر جیل میں ہیں۔
کروز شپ ڈرگ کیس کا پس منظر
بھارت کے انسدادِ منشیات ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب سے ممبئی کے ساحل پر 3 اکتوبر کو ایک کروز شپ پر پارٹی کے دوران چھاپہ مار کر شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو گرفتار کیا گیا تھا۔
نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے ممبئی کروز شِپ منشیات کیس میں آریان خان کی اپنی آنے والی فلم کی ساتھی اداکارہ کے ساتھ منشیات کے حوالے سے کی جانے والی واٹس ایپ چیٹ بھی عدالت میں پیش کی تھیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق واٹس ایپ چیٹس سے ظاہر ہو رہا تھا کہ آریان خان اور اداکارہ کے درمیان منشیات کے بارے میں بات چیت ہوئی تھی۔