• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہ رخ خان اور آریان کی ملاقات کا دورانیہ کتنا تھا؟

آریان خان کی درخواستِ ضمانت مسترد ہونے کے ایک دن بعد شاہ رخ خان نے آج صبح اپنے بیٹے سے ممبئی کی آرتھر جیل میں 18 منٹ تک ملاقات کی۔ 

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز ممبئی کی خصوصی عدالت کی جانب سے آریان خان کی ضمانت کی درخواست مسترد کرنے کے بعد شاہ رخ خان نے آج صبح آرتھر روڈ جیل میں اپنے بیٹے سے ملاقات کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان نے اپنے بیٹے کے ساتھ تقریباََ 18 منٹ تک ملاقات کی اور جیل کے قیدی میٹنگ سیکشن میں آریان سے بات چیت کے لیے انٹرکام استعمال کیا۔ 

ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران آریان خان جذباتی نظر آئے جبکہ ممبئی کروز شِپ منشیات کیس میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب سے گرفتاری کے بعد یہ پہلا موقع تھا کہ جب آریان خان نے خاندان کے کسی فرد سے ملاقات کی۔ 

یہ ملاقات جیل حکام کی موجودگی میں ہوئی جبکہ سیکورٹی وجوہات کی وجہ سے یہ علاقہ اس وقت خالی تھا جب شاہ رخ خان تشریف لائے تھے۔

شاہ رخ خان کو آریان خان سے 20 منٹ تک ملنے کی اجازت تھی لیکن انہوں نے صرف 18 منٹ گزارے۔

جیل ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران شاہ رخ خان کے ساتھ کوئی خاص سلوک نہیں کیا گیا، آریان اور شاہ رخ خان کے درمیان ایک گرل اور شیشے کی دیوار تھی جوکہ کورونا وائرس کی وجہ سے تھی۔

کورونا وائرس کی وجہ سے نئی ہدایات کے مطابق قیدیوں سے آج سے ذاتی طور پر اہلخانہ سے ملاقاتوں کی اجازت دی گئی ہے جبکہ اس سے پہلے، صرف ویڈیو کالنگ کی اجازت تھی۔

واضح رہے کہ ممبئی کروز شِپ کیس میں گرفتار بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی ضمانت کی درخواست پر ممبئی ہائی کورٹ میں 26 اکتوبر بروز منگل کو سماعت ہوگی۔

ممبئی کی عدالت کی جانب سے آریان خان کی درخواستِ ضمانت چار بار مسترد کی گئی ہے اور اسی وجہ سے اب اُن کے وکیل نے ممبئی ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔

تازہ ترین