وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کی صورتحال بیان کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3 مریض انتقال کرگئے جبکہ 184 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور 193 افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 7646 نمونوں کی جانچ کی گئی جس کے نتیجے میں 184 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جو کہ تشخیص کی شرح کا 2.4 فیصد ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3 مریض انتقال کر گئے جس سے اموات کی مجموعی تعداد 7539 ہوگئی ہے جوکہ اموات کی شرح کا 1.6 فیصد ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اب تک 6279258 نمونوں کی جانچ کی جا چکی ہے اور 466002 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 193 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں، جس سے صحتیاب افراد کی مجموعی تعداد 447024 ہوچکی ہے جو کہ بحالی کی شرح کا 96 فیصد ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت 11439 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے11169 گھروں میں ،29 آئسولیشن سینٹرز میں اور241 مریض مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ 240 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جن میں سے 15 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے184 نئے کیسز میں سے77 کا تعلق کراچی سے ہے جن میں ضلع جنوبی 34، کورنگی 19، ضلع شرقی 16، ضلع غربی 5، ضلع وسطی 2 اور ملیر میں سے 1 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
اسی طرح حیدرآباد 30، نوشہرو فیروز 15، میرپورخاص اور تھرپارکر 14-14، ٹنڈو الہ یار 12، لاڑکانہ اور سانگھڑ 9-9، دادو 2، قمبر اور ٹھٹھہ میں 1-1 نیا کیس سامنے آیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے کے عوام کو ایس او پیز پر عمل کرنے کی تاکید کی۔