• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مختلف علاقوں میں فائرنگ اور ٹرین سے کٹ کر 3 افراد جاں بحق

کراچی (اسٹاف رپورٹر)مختلف علاقوں میں فائرنگ اورٹرین سے کٹ کر 3 افراد جاں بحق ہوگئے ،تفصیلا ت کےمطابق سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا تھانے کی حدود احسن آباد سیکٹر 4 میں واقع پنجاب ملک شاپ کے باہر موٹر سائیکل پر سوار ملزمان کی فائرنگ سے 34سالہ سلمان خان ولد احمد خان جاں بحق ہوگیا ۔ پولیس کے مطابق ابتدائی طو رپر یہ بات سامنے آئی تھی کہ واقعہ ڈکیتی مزاحمت کے دوران پیش آیا تاہم واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح ہے کہ ملزمان نے پہلے آکر اسے دیکھا اور بعد ازاں اس پر فائرنگ کی، ملزمان نے اس سے لوٹنے کی کوشش نہیں کی ۔ مقتول فیکٹری ملازم تھا اور اسکا آبائی تعلق پشاور سے تھا ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ذاتی رنجش معلوم ہوتا ہے ۔ اسٹیل ٹائون تھانے کی حدود نیشنل ہائی وے سے متصل سومار گوٹھ میں فائرنگ کے واقعہ میں22سالہ زاہد علی ولد پسند خان جاں بحق ہو گیا ۔پولیس کے مطابق مقتول کو تین گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے،مقتول مزدوری کرتا تھا اور اپنے سسرال میں رہتا تھا ،اسکا آبائی تعلق سکرنڈ سے بتایا جاتا ہے،پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں واقعہ ذاتی دشمنی کا معلوم ہوتا ہے۔ ڈرگ روڈ ریلوے ملیر سیشن کورٹ کے عقب میں واقع ولایت علی شاہ مزار کے قریب ریلوے لائن سے ایک شخص کی دو حصوں میں لاش ملی ،جسے پولیس نے قانونی کارروائی کے لئے جناح اسپتال منتقل کیا، پولیس نے بتایا کہ 30سالہ متوفی کے پاس سے شناخت کی کوئی چیز نہیں ملی۔

تازہ ترین