• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امارات کا تعاون، پاکستان میں 10.2 کروڑ بچوں کی پولیو ویکسینیشن

اسلام آباد (صالح ظافر) متحدہ عرب امارات نے برادرانہ تعلقات کی شاندار مثال قائم کرتے ہوئے گزشتہ 8برس میں یو اے ای پاکستان اسسٹنس پروگرام کے تحت 10؍ کروڑ 20؍ لاکھ بچوں کو پولیو کیخلاف ویکسین لگانے میں مدد کی۔ اس بات کا اعلان ہفتے کو کیا گیا۔ اعلان کے مطابق 2014ء سے ستمبر 2021ء کے اختتام تک پولیو کیخلاف ویکسین کی 58؍ کروڑ 30لاکھ خوراکیں فراہم کی گئیں۔اماراتی سفیر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مدد کا پروگرام جاری رکھیں گے ۔یہ اعلان ایسے وقت کیا گیا ہے جب دنیا بھر میں آج (اتوار) کو پولیو کے خلاف پولیو ڈے منایا جارہا ہے۔ پروگرام کا آغاز یو اے ای کے صدر شیخ بن زید النہیان اور ولی عہد شیخ بن زید کی ہدایت پر کیا گیا تھا۔ پولیو بیماری پولیووائرس کی وجہ سے ہوتی جس کی وجہ سے وائرس ریڑھ کی ہڈی پر حملہ کرتا ہے اور انسان پوری زندگی کے لئے معزور ہوجاتا ہے۔ شیخ محمد بن زید نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 2011ء تک پولیو کے خاتمے کا تصور نہیں تھااور اس وقت انہوں نے 250؍ ملین ڈالر انسانی بنیادوں پر پاکستان کے لئے مختص کئے تھے اس طرح مہم چلائی گئی،یو اے ای کے وزیر صحت عبدالرحمٰن ال اویس جن کے پاس بیماریوں سے بچاؤ کا قلمدان بھی ہے نے کہا ہے کہ یہ ایک مثالی رول ماڈل ثابت ہوا ہے۔ یو اےای کے سفیر عبید الزابی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی کوشش ہے کہ پولیو کا خاتمہ نا صرف پوری دنیا سے خصوصی طور پر پاکستان سے ہو اور یو اے ای یہ گول حاصل کرنے کیلئے پاکستان سے اسسٹنس جاری رکھے گیا۔

تازہ ترین