• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران کی سعودی ولی عہد‘ بحرینی وزیراعظم‘ جان کیری سے ملاقاتیں

ریاض(اے پی پی)دورہ سعودی عرب کے دوران وزیراعظم عمران خان کی ریاض میں سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان‘بحرین کے وزیراعظم اور ولی عہد شہزادہ سلمان بنحمداور امریکی خصوصی صدارتی نمائندہ برائے ماحولیات جان کیری سے ملاقاتیں ہوئی ہیں ۔تفصیلات کے مطابق عمران خان نے سعودی سرسبز اقدام اور مشرقی وسطیٰ شاداب اقدام پاکستان کے موسمیاتی تبدیلی اقدام، صاف و سرسبز پاکستان اور 10بلین ٹری سونامی سے ہم آہنگ ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ریاض میں مشرق وسطیٰ شاداب اقدام سربراہ اجلاس کے موقع پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وزیراعظم نے ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق مشرق وسطیٰ شاداب اقدام سربراہ اجلاس کی کامیابی سے انعقاد پر ولی عہد کو دلی مبارکباد دی۔دونوں رہنمائوں نے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا ۔عمران خان نے امید ظاہر کی کہ عالمی برادری افغانستان میں انسانی بحران اور معاشی تباہی سے بچنے کے لئے فوری اقدامات کرے گی۔دریں اثناءوزیراعظم نے افغان عوام کی مدد کیلئے افغانستان کے منجمد اثاثے جاری کرنے کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانی بحران کو روکنے، معاشی تباہی سے بچنے اور افغانستان میں طویل مدتی ترقی و استحکام میں تعاون کیلئے عالمی برادری کی مستقل اور مثبت بات چیت اہم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ریاض میںبحرین کے وزیراعظم اور ولی عہد شہزادہ سلمان بن حمد بن عیسیٰ الخلیفہ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔عمران خان نے شہزادہ سلمان بن حمد کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔

تازہ ترین