پشاور (لیڈی رپورٹر)سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر جاوید اختر نے پشاور کے مختلف بازاروں گھنٹہ گھر ٗ شاہین بازار ٗ جھنڈا بازار ٗ ریتی بازار ٗ مسلم مینابازار ٗ کریم پورہ سمیت جی ٹی روڈ سے ملحقہ علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ ناروا لوڈشیڈنگ اور بار بار بجلی کی ٹرپنگ پر شدید تشویش کا اظہارکرتے ہوئے6سے 8گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کو کاروبار دشمن اقدام قرار دیا ہے اور پیسکو حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اوربجلی کی ٹرپنگ کا مسئلہ حل کیا جائے اور تاجروں اور دکانداروں کو اپنے کاروبار چلانے کے لئے بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے بصورت دیگر پشاور کے تاجر اور دکاندار احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے جس کی تمام تر ذمہ داری پیسکو پر عائد ہوگی۔ان تحفظات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز پشاور کے مختلف بازاروں کے صدورصیام الحق مسلم مینابازار ٗ آصف درانی گھنٹہ گھر ہیریج ٹریل ٗ خرم شہزاد صدرکریم پورہ نمبر2 ٗ صوفی ارشد گھنٹہ گھر ٗ شہزاد صدیقی جھنڈابازار ٗ منا بھائی ریتی بازار ٗ خواجہ نوید شاہین بازاراور فضل مولا گلشن بازار پر مشتمل اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ وفد نے ملاقات کے دوران سرحد چیمبر کے نائب صدر جاوید اختر کوپیسکو کی جانب سے بجلی کی غیر اعلانیہ ٗناروا لوڈشیڈنگ اور بار بار بجلی کی ٹرپنگ سے متعلق اپنے تحفظات اور مشکلات سے تفصیلی آگاہ کیااور کہا کہ پیسکو کی جانب سے لوڈشیڈنگ کی وجہ سے کاروباری اور تجارتی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں جبکہ بجلی کی ٹرپنگ سے الیکٹرانکس آلات جلنے کی وجہ سے بزنس کمیونٹی اور علاقوں کے مکینوں کو شدید مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔