• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بنگلادیش نے انگلینڈ کو جیت کیلئے 125 رنز کا ہدف دیدیا

مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 12 میچ میں بنگلادیش نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 125 رنز کا ہدف دے دیا۔ 

ابوظبی میں کھیلے جارہے اس میچ میں بنگلادیش کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو ان کے لیے کارگر ثابت نہ ہوسکا۔ 

انگلینڈ کے بولرز نے بھی اپنے گزشتہ میچ کی شاندار بولنگ پرفارمنس کو برقرار رکھتے ہوئے بنگلادیشی بیٹرز کو کھل کر کھیلنے نہ دیا۔ 

لٹن داس، محمد نعیم اور شکیب الحسن جیسے نامور کھلاڑی دُہرا ہندسہ بھی حاصل نہ کرسکے۔ 

پہلے مشفق الرحیم کے 29 اور کپتان محمود اللّٰہ کے 19 اور پھر اس کے بعد نسم احمد کے 19، نور الحسن کے 16 اور مہدی حسن کے 11 رنز کی بدولت بنگال ٹائیگرز مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز ہی بناسکے۔ 

انگلینڈ کی جانب سے ٹیمل ملز نے 3 جبکہ معین علی اور لیام لونگسٹن نے 2، 2 اور کرس ووکس نے ایک وکٹ لی۔ 

بنگلادیش اس سے پہلے اپنا پہلا میچ ہار چکی ہے جب کہ انگلینڈ کی شروعات جیت کے ساتھ ہوئی تھی، اس نے پہلے میچ میں دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو شکست دی تھی۔

ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں آج دو میچز کھیلے جائینگے، شام 7 بجے دوسرے میچ میں نمیبیا اسکاٹ لینڈ کے مد مقابل ہوگا۔

اسکاٹ لینڈ اپنا پہلا میچ ہارنے کے بعد پوائنٹس ٹیبل میں سب سے آخر میں ہے۔

تازہ ترین