• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محمد شامی کو شکست کا ذمہ دار ٹھہرانے پر افسوس ہے، سارو گنگولی

کراچی (نیوز ڈیسک) بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ اور سابق کرکٹر سارو گنگولی نے بھارتی ٹیم کو مشورہ دیا ہے کہ پاکستان کے خلاف شکست کو بھلا کر ٹورنامنٹ میں آگے آنے والے میچوں پر توجہ مرکوز کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ محمد شامی کو شکست کا ذمہ دار ٹھہرانے پر افسوس ہے۔ ایک بیان میں سابق بھارتی کپتان سارو گنگولی نے کہا کہ بھارتی ٹیم کو پاکستان کے خلاف 10 وکٹوں سے شکست کو بھولنا ہوگا، ابھی ایک میچ ہوا ہے بھارتی ٹیم کم بیک کرسکتی ہے جبکہ وہ بھارتی ٹیم میں ایکسٹرا بولر کی کمی محسوس کر رہے ہیں۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ نے کہا کہ سوشل میڈیا پر شکست کا ملبہ ایک بھارتی مسلمان کرکٹر محمد شامی پر ڈالا گیا جس کا افسوس ہے،کھیل مقبول ہوچکا ہے آج کے دور میں لوگ اپنا غصہ سوشل میڈیا پر نکالتے ہیں۔ گنگولی نے کہا وہ بھی ایسی صورت حال سے گزر چکے ہیں، 2003 ورلڈ کپ میں جب وہ کپتان تھے تو آسٹریلیا کے خلاف انہیں یکطرفہ میچ میں شکست ہوئی تھی، اس وقت بھی ٹیم میں شامل کھلاڑی محمد کیف کے گھر پر پتھراؤ کیا گیا ان کے پتلے جلائے گئے لیکن بھارتی ٹیم نے اسی ٹورنامنٹ میں نہ صرف کم بیک کیا بلکہ فائنل تک پہنچی۔

تازہ ترین