لاہور میں زبردستی اچھرہ بازار بند کروانے پر کالعدم تنظیم کے کارکنوں کےخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔
ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ 4 ملزمان گرفتار کرلیے گئے ہیں جبکہ فوٹیج کی مدد سے دیگر گرفتاریاں بھی کی جائیں گی۔
سادھوکی میں بھی پولیس سے جھڑپ کے واقعے کا کالعدم تنظیم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیاہے، مقدمے میں 119 نامزد اور 2 ہزار نامعلوم ملزمان شامل کیے گئے ہیں۔
لاہور سے اسلام آباد جانے والے کالعدم تحریک کے مظاہرین نے گوجرانوالہ میں پڑاؤ ڈال رکھا ہے، راستوں کی مسلسل بندش اور اشیائے خور و نوش کی قلت سے گوجرانوالہ کے شہریوں کی مشکلات بڑھتی جار ہی ہیں۔
وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت نے کالعدم جماعت کی جانب سے سڑکیں خالی کرنے تک مذاکرات کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کو شہید کرنے والے مجرم اداروں کے حوالے کیے جانے تک مذاکرات نہیں ہوسکتے ، محبِ وطن لوگوں کو چاہیے کہ وہ خود کو اس احتجاج سے لاتعلق کریں اور اپنے گھروں کو لوٹ جائیں، محب وطن لوگوں کو ریاست کے خلاف دہشت گردی کا حصہ نہیں بننا چاہیے ۔
وزیراعظم نے کالعدم جماعت کی غیر قانونی سرگرمیوں سے پیدا ہونے والی صورتِ حال پر غور کے لیے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس جمعے کو طلب کرلیا ہے ۔
گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا تھا کہ عمران خان کو جتنی لچک دکھانی تھی، دکھا چکے، حکومت کے گلے پر انگوٹھا رکھ کر اپنی بات منوائی نہیں جا سکتی، آپ کے مطالبات ہم مان چکے ۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خان زادہ کے ساتھ میں بات چیت کرتے ہوئے ان کاکہنا تھا کہ فرانس کا سفیر یہاں ہے نہیں ، اسمبلی میں ہم قرار داد پیش کر چکے ہیں، اب آپ اسلام آباد میں بیٹھ کر کیا کریں گے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ وہ جمعے اور ہفتے کو سعد رضوی سے بات کریں گے ، آپ نے وعدہ کیا کہ دونوں روڈ کھول دیں گے ، آپ اس پر عمل کریں ۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ جی ٹی روڈ پاکستان کی دفاعی لائن ہے ، ساری کور اسی جی ٹی روڈ پر ہے ، جو بات آپ سے طے ہوئی وہ کریں اور راستے کھول دیں ، ورنہ چیزیں کنٹرول سے نکل جائیں گی ۔
دوسری جانب پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے کالعدم تحریک لبیک کی میڈیا کوریج پر پابندی عائد کردی ہے، تمام ٹی وی چینلز کو کالعدم تنظیم کی کوریج سے روک دیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق ایف ایم ریڈیو ، کیبل آپریٹرز اور آئی پی ٹی وی بھی کالعدم تنظیم کی کوریج نہیں کریں گے ۔
پیمرا نے کہا کہ کالعدم تحریک کی میڈیا کوریج پر پابندی میڈیا کوڈ آف کنڈکٹ کے تحت لگائی ہے ۔
میڈیا کوڈ آف کنڈکٹ 2015 کے تحت کالعدم تنظیموں کی میڈیا کوریج ممنوع ہے ۔