• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افطار میں لذیذ فش اینڈ چپس کا انتخاب

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

رمضان المبارک میں سارا دن روزہ رکھنے کے بعد افطار دستر خوان پر ایسی غذا کی خواہش ہوتی ہے جو ذائقے دار ہونے کے ساتھ توانائی بخش بھی ہو۔

خستہ اور سنہری رنگ کی تلی ہوئی مچھلی، کرارے آلوؤں کے ساتھ پیش کی جائے تو افطار کا لطف دوبالا ہو جاتا ہے۔

مچھلی پروٹین سے بھرپور اور ہلکی غذا ہے جو جسم کو فوری طاقت فراہم کرتی ہے، جبکہ گرما گرم چپس اس کے ذائقے کو مکمل کر دیتے ہیں۔

اگر آپ اس رمضان کچھ مختلف اور مزیدار بنانا چاہتے ہیں تو یہ لذیذ فش اینڈ چپس یقیناً آپ کے دسترخوان کی شان بڑھا دے گی، اسے ٹماٹر کے قتلے اور ہلکی سی چٹنی کے ساتھ پیش کریں اور گھر والوں کے ساتھ افطار کا لطف اٹھائیں۔

اجزاء: 

مچھلی 1/2کلو (قتلوں کی شکل میں)، انار دانہ 1/2پاؤ، لہسن چِھلا ہوا 1 گڈی، خشک دھنیا چائے کا 1 چمچ، سُرخ مرچ (پِسی ہوئی) چائے کا 1 چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، اجوائن 1 چھٹانک، کھٹائی (پِسی ہوئی) چائے کے 3 چمچ، آلو 1 پاؤ، ٹماٹر (بڑے سائز کے) 3 عدد، آٹا 1/2 پاؤ، تیل حسبِ ضرورت۔

ترکیب: 

سب سے پہلے مچھلی کے قتلوں کو دھو کر صاف اور خُشک کر لیں، اب انار دانہ، دھنیا، سُرخ مرچ، اجوائن اور چھِلا ہوا لہسن ملا کر باریک پیس لیں اور یہ پِسا ہوا مسالہ مچھلی کے قتلوں پر اچھی طرح لگا دیں۔

اس کے بعد مچھلی کے ٹکڑوں پر خشک کھٹائی لگا کر آٹا لگائیں، ساتھ ہی فرائینگ پین میں تیل گرم کریں اور گرم گرم تیل میں مچھلی کے قتلے ڈال کر انہیں دھیمی آنچ پر (دونوں سائیڈز سے باری باری) تلتے جائیں۔

مچھلی کے قتلے جب سُرخ ہو جائیں تو ایک ڈِش میں نکال لیں۔

اگلے مرحلے میں آلو چِھیل کر ان کے لمبے لمبے ٹکڑے کاٹ لیں اور پھر اچھی طرح دھو کر اُن پر ہلکا ہلکا نمک اور آٹا چھڑک دیں، پھر تیل میں ڈال کے دھیمی آنچ پر تل لیں۔

اب ایک ڈِش میں تلی ہوئی مچھلی رکھیں اور اس کے چاروں اطراف آلوؤں کو رکھ دیں، آخر میں اُنہیں ٹماٹر کے گول قتلوں سے سجا کر کھانے کے لیے پیش کر دیں۔

خاص رپورٹ سے مزید