• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرآباد، کھیتوں سے ملنے والی لاش دھرنے پر تعینات کانسٹیبل کی نکلی

وزیرآباد، گوجرانوالہ(نامہ نگار، نمائندہ جنگ)وزیرآباد کے نواحی علاقہ بھروکی روڈ کے قریب کھیتوں سے پیر اور منگل کی درمیانی شب ملنے والی تشدد زدہ لاش پولیس کانسٹیبل عدنان احسان کی نکلی۔ جو وزیر آباد میں کالعدم تنظیم ٹی ایل پی کے دھرنے پرڈیوٹی انجام دے رہا تھا۔شہید کانسٹیبل عدنان احسان کی نماز جنازہ اشرف مارتھ شہید پولیس لائن میں اداکردی گئی۔ پولیس حکام کے مطابق کالعدم تنظیم کے کارکنوں نے پولیس اہلکارکو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے شہید کیا اور لاش بھروکی نزد ڈیرہ گجراں کھیتوں میں پھینک دی۔وقوعہ کی بابت تھانہ صدر وزیر آباد میں مقدمہ نمبر736/21 درج رجسٹرڈ کرکےلاش کو پوسٹمارٹم کیلئے ٹی ایچ کیو اسپتال وزیرآباد منتقل کردیا گیا۔ اس حوالے سے ایس ایس پی انویسٹی گیشن سید علی کومعاملہ کی تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں،ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ شہید پولیس اہلکار نے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئےجان نچھاور کی۔ وقوعہ کی بابت انکوائری کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔مقتول کے بھائی نے بتایا کہ میرا بھائی کانسٹیبل عدنان احسان بیمار تھا اور اسکی ڈیوٹی لانگ مارچ میں تھی، دوران ڈیوٹی طبیعت خراب ہونے پر دوائی لینے گیا تو راستے میں کالعدم تنظیم کے کارکنوں نے اسے پکڑکر تشدد کیا، جان سے مارنے کے بعد کھیتوں میں پھینک کر شناخت ختم کرنے کیلئے سادہ کپڑے پہنادیئے، ہمیں انصاف دلایا جائے۔ شہید کانسٹیبل نے سوگواران میں بیوہ اور 6 سالہ بیٹی چھوڑی ہے۔کانسٹیبل عدنان احسان کی نماز جنازہ میں آر پی او گوجرانوالہ کیپٹن (ر) سید حماد عابد، کمشنر ذوالفقار احمد گھمن ،ڈپٹی کمشنر دانش افضال ،بریگیڈیئر خرم شہزاد باجوہ ،بریگیڈیئر فہدسمیت سینئر پولیس افسران ودیگر سیاسی، سماجی و مذہبی شخصیات نے شرکت کی ۔

تازہ ترین