ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کے ہاتھوں شکست کھانے کے بعد ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کرنے والے افغانستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اصغر افغان، بولر کریم جنت کے بڑے بھائی ہیں۔
ورلڈ کپ ٹی 20 کے گروپ 2 میں پاکستان نے افغانستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں اپنی جگہ بنائی، یہ میچ کافی سنسنی خیز تھا اور افغانستان نے پورا زور لگایا کہ وہ یہ میچ اپنے نام کرسکیں لیکن وہ کامیاب نہ ہوسکے۔
جب 18ویں اوور میں شعیب ملک آؤٹ ہوئے تو شاداب خان نے 18ویں اوور کی آخری گیند پر رن لینے کی کوشش کی تاہم آصف علی نے انہیں روک دیا، اگلے اوور میں آصف علی نے 6 گیندوں پر افغان بولر کریم جنت کو 4 بلند و بالا چھکے جڑ دیے اور پاکستان کو میچ ایک اوور پہلے ہی جتوادیا تھا۔
پاکستان سے میچ ہارنے کے بعد افغانستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان دلبرداشتہ ہوگئے اور اُنہوں نے فوراََ ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
اصغر افغان نے کہا کہ پاکستان کے خلاف شکست سے مجھ سمیت پوری ٹیم کو بہت زیادہ تکلیف ہوئی اور اسی وجہ سے میں نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا۔
اب یہاں قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ اصغر افغان نے تو انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی ہے لیکن اُن کے چھوٹے ابھی بھی افغانستان کرکٹ ٹیم میں ہیں۔
افغانستان کرکٹ ٹیم کے بولر کریم جنت، اصغر افغان کے چھوٹے بھائی ہیں، اُنہوں نے سال 2016ء میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ڈیبیو کیا۔
کریم جنت اب تک اپنے کیرئیر کے 31 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں جبکہ اُنہوں نے ایک ون ڈے انٹرنیشنل بھی کھیلا ہے۔
واضح رہے کہ اتوار کو ابوظبی میں نمیبیا کے خلاف اپنے آخری انٹر نیشنل میچ میں اصغر افغان نے 23 گیندوں پر31 رنز بنائے جس میں ایک چھکا اور تین چوکے شامل تھے۔
اصغر افغان نے 74 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 1382رنز بنائے جبکہ 114ون ڈے میچز میں 2 ہزار 424 رنز بنائے۔