• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور ہائیکورٹ: یوٹیوبر ڈکی بھائی کی اہلیہ سے رشوت لینے کا مقدمہ، ملزمان کی ضمانت منظور

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

لاہور ہائی کورٹ نے یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی کی اہلیہ سے رشوت لینے کے مقدمے میں ملزمان کی ضمانت منظور کرتے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ 

عدالت عالیہ کے جسٹس عبہر گل خان نے 6 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

عدالت نے سابق ایڈیشنل ڈائریکٹر سرفراز چوہدری، شعیب ریاض، سلمان عزیز کی درخواستوں پر تحریری فیصلہ جاری کیا۔ 

عدالت نے ملزمان کو ایک ایک لاکھ کے ضمانتی مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ 

فیصلہ میں تحریر کیا گیا کہ مدعی کے مطابق سرفراز چوہدری نے بطور رشوت پانچ لاکھ روپے وصول کیے، ریکارڈ کے مطابق کہیں ثابت نہیں ہوتا کہ سرفراز چوہدری نے مدعیہ سے ڈائریکٹ رقم وصول کی۔

فیصلے میں کہا گیا کہ مقدمے کے مطابق ملزمان کال سینٹرز سے بھی رشوت لیتے تھے، پراسکیوشن ملزمان کے خلاف کوئی بھی متاثرہ شخص سامنے نہیں لاسکی۔

عدالت نے قرار دیا کہ ڈکی بھائی کے ڈیجیٹل اکاؤنٹ سے 3 لاکھ 26 ہزار 420 ڈالر کی برآمد ہونے والی رقم مال مقدمہ ہے۔ تفتیشی افسر کی جانب سے رقم ذاتی اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کرنے کے الزام کا فیصلہ ٹرائل میں ہوگا۔

لاہور ہائی کوٹ نے فیصلہ دیا کہ عدالت ملزمان کی ضمانت پر رہائی کی درخواستیں منظور کرتی ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید