افغانستان کرکٹ ٹیم کے لیگ اسپنر راشد خان نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 400 وکٹیں مکمل کرلیں۔
راشد خان مجموعی طور پر دنیا کے چوتھے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے ٹی ٹوئنٹی میچز میں چار سو یا اس سے زائد وکٹیں حاصل کی ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا ریکارڈ ویسٹ انڈیز کے ڈیوین براؤو کے پاس ہے جنہوں نے 553 وکٹیں حاصل کی ہوئی ہیں۔
اس فہرست میں 425 وکٹوں کے ساتھ سنیل نارائن دوسرے اور 420 وکٹوں کے ساتھ جنوبی افریقہ کے عمران طاہر تیسرے نمبر پر ہے۔
آج نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں افغانستان کے اسپنر راشد خان نے اپنی 400 وکٹیں مکمل کیں۔
افغان بولر راشد خان نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 کے سپر 12 مرحلے کے گروپ 2 کے میچ میں نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل کو آؤٹ کرکے یہ اعزاز حاصل کیا۔
واضح رہے کہ راشد خان 400 وکٹیں لینے والے دنیا کے کم عمر ترین بولر بن چکے ہیں۔