کراچی (اسٹاف رپورٹر) رمیز راجا کی کپتانی میں الائیڈ بینک کی جانب سے فاسٹ بولنگ کرنے والے ہمایوں فدا حسین ، پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کے لئے مضبوط امیدوار بن کر سامنے آرہے ہیں۔
ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ ہائی پروفائل وسیم خان کی جگہ لو پروفائل سی ای او بنانے کا مقصد یہ ہے کہ چیئرمین پی سی بی ، زیادہ تر اختیارات اپنے پاس رکھیں گے۔ نئے سی ای او کے اختیارات کے ساتھ مراعات بھی کم ہوں گی۔
وسیم خان کے استعفی کے بعد پی سی بی نے چیف ایگزیکٹو کیلئے اشتہار دیا تھا ،انٹرنل کمیٹی نے اس ضمن میں آنے والی درخواستوں پر غور شروع کر دیا ہے ۔39 فرسٹ کلاس میچز کھیلنے والے ہمایوں فدا حسین ان دنوں بینک میں بڑے عہدے پر ہیں۔
دریں اثناچیئرمین رمیز راجاجمعے کو دبئی جائیں گے وہ اتوار کو ورلڈ کپ فائنل دیکھنے کے علاوہ آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں شرکت کریں گے۔
بورڈ کے قائم مقام چیف ایگزیکٹیو آفیسر سلمان نصیر بھی ایگزیکٹو کمیٹی کی میٹنگ میں شرکت کرینگے۔