• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ:ویکسینیٹرز کا احتجاج ، انسداد خسرہ ، روبیلا مہم خطرے میں پڑگئی


سندھ میں ویکسینیٹرز کے احتجاج کے باعث انسداد خسرہ اور روبیلا مہم خطرے میں پڑگئی، ویکسینیٹرز نے مطالبات کے حل تک بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔

سندھ میں ویکسینیٹرز نے گزشتہ روز کراچی پریس کلب کے باہر مظاہرہ کیا اور دھرنا بھی دیا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں ویکسینیٹر 11گریڈ جبکہ پنجاب اور بلوچستان میں 9گریڈ میں بھرتی ہوتے ہیں اور ترقی پا کر 16 گریڈ میں ریٹائر ہوتے ہیں جبکہ سندھ میں ویکسینیٹر کو 6 گریڈ میں بھرتی کیا جاتا ہے اور ٹائم اسکیل بھی نہیں دیا گیا۔

چیئرمین ویکسینیٹرز ویلفیئر ایسوسی ایشن مولابخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ جب تک مطالبات منظور نہیں ہوتے بائیکاٹ جاری رہے گا۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر ای پی آئی سندھ ڈاکٹر ارشار احمدمیمن نے مظاہرین سے مذاکرات کی کوشش کی مگر مذاکرات ناکام رہے۔

جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر ارشار احمدمیمن کا کہنا تھا کہ احتجاج سے مہم پر کوئی اثر نہیں پڑے گا, 15 سے27 نومبر تک پاکستان میں دنیا کی سب سے بڑی انسداد خسرہ و روبیلا مہم چلائی جائے گی جس میں 9ماہ سے 15سال تک کے 9کروڑ 60لاکھ بچوں کو ٹیکے لگائے جائیں گے۔

تازہ ترین