کراچی (نیوز ڈیسک)چین نے اب تک برآمد کیے گئے بحری جہازوں میں سب سے بڑا اور جدید ترین جنگی بحری جہاز پاکستان کے حوالے کر دیا ہے۔ اقدام کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان دوستی کے مضبوط رشتے کو عالمی سطح پر نمایاں کرنا ہے۔ یہ بحری جہاز چائنیز اسٹیٹ شپ بلڈنگ کارپوریشن لمیٹڈ (سی ایس ایس سی) نے تیار کیا گیا ہے۔ یہ فریگیٹ شنگھائی میں منعقدہ پاک بحریہ کو کمشننگ تقریب میں سپرد کی گئی۔ 054A/P ٹائپ فریگیٹ کا نام PNS Tughril رکھا گیا ہے۔ یہ اپنی نوعیت کی پہلی فریگیٹ ہے جو پاکستان کیلئے تیار کی گئی ہے، ٹیکنالوجی کے لحاظ سے یہ بحری جہاز جدید ترین ہے جس میں سمندر سے سمندر اور سمندر سے فضا اور زیر آب فائر پاور کی زبردست صلاحیت ہے جبکہ جاسوسی اور نگرانی کیلئے بھی سازگار ہے۔ بحری جہاز میں جدید ترین کومبیٹ مینجمنٹ اور برقی وار فیئر سسٹم نصب ہے جبکہ یہ جہاز سیلف ڈیفنس کی صلاحیت کا حامل بھی ہے۔ چائنیز کمپنی کا کہنا ہے کہ چین کی جانب سے یہ اب تک برآمد کردہ تمام جہازوں میں سب سے بڑا اور جدید ترین ہے۔ اس موقع پر چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق کا کہنا تھا کہ اس جہاز کی کمیشننگ سے پاک چین دوستی کے ایک نئے باب کی شروعات ہوتی ہے، یہ دوستی وقت کے ساتھ مزید مضبوط اور اور ہر شعبے میں طاقتور ہوتی رہی ہے۔ اس جہاز کے حصول سے پاک بحریہ کی سمندری چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھ جائے گی۔