• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یو اے ای کے وزیراعظم کا ازخود چلنے والی کاروں کی ٹیسٹ ڈرائیونگ کا اعلان

دبئی (سبطِ عارف) یو اے ای کے وزیراعظم اور حاکمِ دبئی شیخ محمد بن راشد ال مکتوم نے اپنی شاہراہوں پر ازخود چلنے والی کاروں کی ٹیسٹ ڈرائیونگ کا اعلان کیا ہے، جس کے بعد متحدہ عرب امارات دنیا کا دوسرا اور مشرق وسطیٰ کا پہلا ملک بن گیا ہے جہاں ڈرائیورز کے بغیر گاڑی چلانے کی جانچ کی جاسکتی ہے۔ ان کا اپنے ٹوئٹ میں یہ بھی کہنا تھا کہ ریٹائرڈ غیرملکیوں کو اقامہ کی اجازت دینے سے متعلق قواعد وضوابط کی بھی منظوری دے دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق، متحدہ عرب امارات نے اپنی شاہراہوں پرازخود چلنے والی کاروں کی جانچ کرنے کا اعلان کیا ہے۔وہ ازخودکاریں چلانے کا تجربہ کرنے والا مشرقِ وسطیٰ میں پہلا اور دنیا کا دوسرا ملک ہوگا۔ حاکم دبئی شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے منگل کے روز یواے ای میں ایک اور جدت متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ’’اس طرز کی گاڑی کے بارے میں ہماراہدف یہ ہے کہ یہ زیادہ محفوظ اور قابل اعتماد ہو۔‘‘ انھوں نے ایک ٹویٹ میں کہا ’’ آج میں نے دبئی ایکسپو 2020ء میں کابینہ کے ایک اجلاس کی صدارت کی ہے۔اس میں ہم نے وزارت داخلہ کی یواے ای کی شاہراہوں پر ازخودچلنے والی کاروں کا تجربہ شروع کرنے کے بارے میں پیش کردہ درخواست کی منظوری دی ہے اور اس کی رپورٹ کونسل کو پیش کردی ہے تاکہ اگر وزارت داخلہ مجاز حکام کے ساتھ مل کراس ٹیکنالوجی کواختیار کرتی ہے تواس کی مستقل منظوری دی جاسکے۔‘‘ شیخ محمد بن راشد نے یواے ای میں ریٹائرڈ غیرملکیوں کو اقامہ کی اجازت دینے سے متعلق قواعد وضوابط کی بھی منظوری دے دی ہے۔ان کے تحت غیرملکی ریٹائرمنٹ کی صورت میں یواے ای ہی میں مقیم رہ سکتے ہیں۔ حاکم دبئی کا کہنا تھا کہ’’ہم اپنے ملک میں ہرکسی کو خوش آمدید کہتے ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید بتایا کہ کابینہ نے وفاقی حکومت میں خصوصی فنڈزکی پالیسی کی بھی منظوری دی ہے۔

تازہ ترین