• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیوزی لینڈ سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو ہرا کر فائنل میں پہنچ گیا


آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے انگلینڈ سے یقینی جیت چھین کر پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

نیوزی لینڈ کو اختتامی لمحات میں جب 24 گیندوں پر 57 رنز درکار تھے تو جمی نیشم اور ڈیرل مچل کے فلک بوس چھکوں کی بدولت نیوزی لینڈ نے یہ میچ 6 گیندوں قبل ہی جیت لیا۔ 

ابوظبی میں کھیلے گئے اس میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔

انگلش بلے بازوں نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے تھے۔

انجری کے شکار جیسن رائے کے ٹیم سے باہر جانے کا اثر انگلینڈ کی بیٹنگ کے ٹاپ آرڈر پر واضح نظر آیا، جہاں جونی بیئرسٹو صرف 13 رنز ہی بناسکے۔

ایونٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے جوز بٹلر نے 29 رنز بنائے، لیکن انہوں نے اس کے لیے 24 گیندیں کھیلیں۔

ورلڈ رینکنگ میں دوسرے نمبر کے بلے باز ڈیوڈ ملان نے 30 گیندوں پر41 رنز اور معین علی نے ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے 37 گیندوں پر 51 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کے رنز کو آگے بڑھایا۔

اختتامی لمحات میں لیام لونگسٹن کے قیمتی 17 رنز کے ساتھ انگلینڈ کی ٹیم 166 کے مجموعے تک پہنچنے میں کامیاب رہی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی، ایڈم ملن، ایش سوڈھی اور جمی نیشم ایک ایک وکٹ لے سکے۔

ہدف کے تعاقب میں انگلش بولرز کیوی بیٹرز پر چھائے رہے، انہوں نے کسی بھی طرح نیوزی لینڈ کو میچ سے دور رکھنے کی بھرپور کوشش کی۔ 

بڑے ہدف کے تعاقب میں تجربہ کار بلے بازوں میں مارٹن گپٹل 4 رنز بنا کر کین ولیم سن 5 اور نوجوان گلین فلپس 2 ہی رنز بناسکے۔ 

تاہم اوپنگ بیٹسمین ڈیرل مچل اپنے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے دکھائی دیے، انہوں نے میچ کو اختتامی لمحات تک لے جانے کی کوشش کی۔ 

جب نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 24 گیندوں پر 57 رنز درکار تھے تو ایسے میں جمی نیشم نے 3 چھکے لگا کر میچ کا رخ ہی بدل دیا 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ 

ڈیرل مچل نے جمی نیشم کے جانے کے بعد 3 چھکے لگا کر انگلینڈ سے یقنی جیت چھین کر اپنی ٹیم کو پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچادیا۔

کیویز نے 167 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ 

47 گیندوں پر 72 رنز کی اننگز کھیلنے والے نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ایونٹ کا دوسرا سیمی فائنل کل ناقابلِ شکست پاکستان اور ہاٹ فیوریٹ آسٹریلیا کے مابین کھیلا جائے گا جس کی فاتح اتوار کو دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کیخلاف ٹرافی کی جنگ کرے گی۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید