• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران سے مذاکرات ناکام ہونے پر نئے سال کے بعد دوبارہ حملے کرینگے: ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ—فائل فوٹو
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ—فائل فوٹو

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر ایران کے ساتھ مذاکرات کسی معاہدے پر نہ پہنچے تو نئے سال کے بعد ایران کے خلاف حملے دوبارہ شروع کریں گے۔

امریکی نشریاتی ادارے فاکس نیوز کے مطابق ٹرمپ نے بتایا ہے کہ تہران کے ساتھ بالواسطہ مذاکرات جاری ہیں، تاہم ان میں پیش رفت نہ ہونے پر انہوں نے مایوسی کا اظہار کیا۔

رپورٹ کے مطابق امریکی صدر نے ایرانی مذاکرات کاروں کو پیشہ ورانہ طور پر باتوں میں الجھانے والے قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی ہر وقت باتیں ہی کرتے رہتے ہیں، ان کا کام صرف باتیں کرنا ہے لیکن یہ سب بے بنیاد ہے۔

یہ بیان آبنائے ہرمز میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں سامنے آیا ہے، جہاں ایران کی جانب سے تیل بردار جہازوں پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ امریکا نے ایرانی بندرگاہوں کی بحری ناکہ بندی کر رکھی ہے۔

ایرانی میڈیا کی ان خبروں کے بارے میں پوچھے جانے پر کہ تہران بحری ناکہ بندی کو آزمانے کا ارادہ رکھتا ہے، ٹرمپ نے خبردار کیا کہ ناکہ بندی عبور کرنے کی کوشش کرنے والے ایرانی جہازوں پر حملہ کیا جائے گا اور انہیں ڈبو دیا جائے گا۔

انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ امریکی افواج ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کرنے والے جہازوں پر فائرنگ کریں گی۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید