امریکا میں ہونے والی ایک نئی نفسیاتی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ مرد اور خواتین گھریلو اور خاندانی ذمے داریوں کے حوالے سے بڑی حد تک یکساں خیالات رکھتے ہیں تاہم مرد اس بات کو زیادہ اہم سمجھتے ہیں کہ خاندان کی دیکھ بھال اور گھر کی ذمے داریاں نبھانا بھی مرد کی شناخت کا حصہ ہونا چاہیے۔
تحقیق سائنسی جریدے ’سیکس رولز‘ میں شائع ہوئی ہے جس میں امریکا کے 375 بالغ افراد نے حصہ لیا۔
محققین نے ایک سوالنامے کے ذریعے بچوں کی دیکھ بھال، گھریلو کاموں، پیسہ کمانے اور پیشہ ورانہ ذمے داریوں سے متعلق مردوں اور خواتین کی آراء کا جائزہ لیا۔
نتائج کے مطابق 4 میں سے 3 شعبوں میں مردوں اور خواتین کی رائے تقریباً یکساں تھی تاہم مردوں کی خاندانی ذمے داریوں کے معاملے میں فرق سامنے آیا۔
خاندان کی دیکھ بھال کو مرد کی شناخت کا اہم حصہ قرار دینے کے معاملے میں مردوں نے 7 میں سے اوسطاً 5.42 نمبر دیے جبکہ خواتین کا اوسط 4.99 رہا، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مرد اس ذمے داری کو اپنی شناخت کا زیادہ اہم حصہ سمجھتے ہیں۔
محققین کے مطابق روایتی طور پر مردوں کو خاندان کی کفالت اور معاشی ذمے داریوں سے جبکہ خواتین کو بچوں کی پرورش اور گھریلو کاموں سے جوڑا جاتا رہا ہے تاہم مردوں کی خاندانی ذمے داریوں میں شمولیت خواتین کے پیشہ ورانہ مستقبل کی راہ میں رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے۔
تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ روایتی خیالات رکھنے والے افراد مردوں کو آمدنی کمانے اور خواتین کو خاندان کی دیکھ بھال کی زیادہ ذمے داری دینے کے حامی تھے، سیاسی طور پر قدامت پسند افراد میں بھی ایسے خیالات نسبتاً زیادہ پائے گئے۔
محققین کا کہنا ہے کہ یہ تحقیق مردوں اور خواتین کے بارے میں معاشرتی توقعات کو سمجھنے میں مدد دے سکتی ہے تاہم اس میں صرف امریکی شہریوں کو شامل کیا گیا اور روایتی صنفی تصورات کا جائزہ لیا گیا، دیگر ممالک اور ثقافتوں میں ایسے ہی نتائج سامنے آنے کے لیے مزید تحقیق درکار ہے۔
مجموعی طور پر تحقیق سے ظاہر ہوتا ہے کہ مرد اور خواتین صنفی ذمے داریوں کے معاملے میں روایتی تصورات کے مقابلے میں زیادہ متفق ہو سکتے ہیں جبکہ خاندان اور گھر کی دیکھ بھال میں مردوں کا کردار بھی اہمیت رکھتا ہے۔